اسلام آباد(ممتاز نیوز )آج الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر جناب سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن ، سیکرٹری الیکشن کمیشن اوردیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔سیکرٹری الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلیوں پنجاب ، خیبر پختونخوا ہ اور دیگر 86 نیشنل اسمبلی کی جنرل نشستوں کے انتخابات کے انعقاد اور اب تک کے انتظامات پر بریفنگ دی ۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی منظوری کے بعد صوبائی اسمبلیوں کے لئے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے رجسٹرار ہائیکورٹ پنجاب اور خیبر پختونخوا ہ کو جوڈیشنل افسران کی خدمات فراہم کرنے کے لئے درخواست کر دی گئی ہے ۔ اور اس ضمن میں مراسلہ بھی تحریر کر دیا گیا ہے ۔ اجلاس میں کمیشن نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ الیکشن کمیشن کی میٹنگ بروز منگل مورخہ 7 فروری 2023 کو ہوگی جس میں چیف سیکرٹری پنجاب ، خیبر پختونخواہ اور آئی جی پنجاب اور خیبر پختونخوا الیکشن کمیشن کو صوبائی اسمبلیوں کے آئندہ عام انتخابات ، نیشنل اسمبلی کے ضمنی انتخابات ، امن وامان کی صورتحال اور انتخابات سے متعلق دیگر امور پر بریفنگ دیں گے ۔ کمیشن نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ ضابطہ اخلاق پر سیاسی پارٹیوں کے ساتھ مشاورتی میٹنگ مورخہ 9 فروری 2023 کو ہوگی ۔ جس میں سیاسی پارٹیوں سے ڈرافٹ ضابطہ اخلاق سےمتعلق رائے (Feed Back) لی جائے گی ۔ مزید صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کےپُر امن انعقاد اور دیگرآئینی اور قانونی امور پر بھی مشاورت کی جائے گی تاکہ الیکشن کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنایا جائے ۔ الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے انعقاد کی تاریخوں سے متعلق بھی مشاورت کی۔
الیکشن کمیشن کااجلاس ،پنجاب ،خیبرپختونخواہ وقومی اسمبلی کی 86نشستوں کے انتخابات کے انعقاد اور اب تک کے انتظامات پر بریفنگ








