سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید پیشی کے لیے عدالت آتے ہوئے پاؤں اٹک جانے سے لڑکھڑا کرگرگئے۔
انہیں وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے سہارا دے کراٹھایا تاہم اس دوران وہ اپنے جذبات پرقابونہ رکھ پائے اور آبدیدہ ہوگئے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شیخ رشید وہاں موجود پولیس اہلکار کے گلے لگ کر پھوٹ پھوٹ کررو پڑے۔
شیخ رشید۔
— Rai Saqib KharaL (@iRaiSaqib) February 4, 2023
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کرنے کے بعد پولیس کی جانب سے شیخ رشید کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ شیخ رشید کے 2 ٹیسٹ کروائےہیں، وائس میچنگ بھی ہوئی ہے اور ابھی فوٹوگرامیٹرک ٹیسٹ کروانا باقی ہے۔
دوران سماعت شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرزاق نے کیس ڈسچارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے پولیس کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ طلب کرنے کی مخالفت کی، جس پر عدالت نے پراسیکیوٹر کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے شیخ رشید کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ بھجنے کا حکم دے دیا۔
پراسیکیوٹر نے شیخ رشید کے مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، جس پر سماعت کرتے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست مسترد کردی۔
دوران سماعت تھانہ موچکو کراچی میں درج مقدمے کے تفتیشی اور انسپکٹر عدالت میں پیش ہوئے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ پولی کلینک میں شیخ رشید نے جو گفتگو کی تھی اس پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ شیخ رشید کو کراچی منتقل کرنا ہے۔
شیخ رشید کے وکیل نے راہداری ریمانڈ کے مطالبے پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایف آئی آر میں جو دفعات لگائی گئی ہیں وہ قابل ضمانت ہیں۔ لہٰذا عدالت سے استدعا ہے کی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی جائے۔ضمانتی مچلکے متعلقہ عدالت میں بھیج دیے جائیں گے۔ شیخ رشید کے وکیل نے راہداری ریمانڈ کی مخالفت کی۔









