بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

نگران وزیر صحت ڈاکٹر ناصر جمال کا مختلف ہسپتالوں کا دورہ،کارکردگی پر اطمینان کا اظہار

راولپنڈی (ممتاز نیوز)صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کے ہمراہ الائیڈ ہاسپیٹل،راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، ہولی فیملی ہسپتال، بے نظیر بھٹو ہسپتال،ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا۔اور تمام ہسپتالوں کے مختلف شعبہ ء جات میں کارکردگی سے آگاہی حاصل کی۔اس موقع پرانہیں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ایم ایس صاحبان و دیگر سٹاف بھی ان کے ہمراہ تھا۔وزیر صحت نے ہسپتالوں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔تاہم انہوں نے شعبہ ء ایمرجنسی کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے دورے کے موقع پر ڈاکٹر جمال ناصر نے حکم دیا ہے کہ کارڈیالوجی میں مریضوں کو 24گھنٹے ایجوگرافی اور اینجی پلاسٹی کی سہولت کویقینی بنایا جائے۔اپنے دورے میں انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو درپیش مسائل کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے ہولی فیملی ہسپتال کے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کی تنخواہوں کے مسئلے کو حل کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے تما م ہسپتالوں میں مریضوں کو ادویات کی فراہمی کے سلسلے کو بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ پیرا میڈکس اور لیڈی ہیلتھ سپرائزرز کے الاؤنس میں 25فیصد بڑھایا جا رہا ہے اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کی آپ گریڈیشن کے احکامات بھی جاری کر دئیے گئے ہیں۔اس سے قبل وزیر صحت نے صوبے بھر کی چیف ایگزیکٹو ہیلتھ اتھارٹیز کے سی اوز سے بھی ملاقات کی اور پرائمری و سیکنڈری میڈیکل سنٹر ز کا بھی معائنہ کیا۔اور وہاں سٹاف کو ملنے والی مراعات کا جائزہ بھی لیا اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے بھر میں ضلعی اور تحصیل سطح پر قائم ہیلتھ سنٹرز میں ایمرجنسی کو متحرک اور فعال بنایا جائے۔انہوں نے پیرا میڈیکل سٹاف کی ترقی اور ٹریننگ کے معاملات سے بھی آگاہی حاصل کی اور یقین دلایا کہ صحت عامہ کی سہولیات کو یقینی بنانے کیلئے سٹاف کے مسائل کو بھی حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔