اسلام آباد(ممتاز نیوز )یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہاکہ اہلِ کشمیر کی بےمثال جدوجہدِ آزادی کی مکمل سیاسی، اخلاقی اور سفارتی تائید کا اعادہ کرتے ہیں،حقِ خودارادیت کے حصول کی راہ میں جان و مال کے نذرانے پیش کرنے والے اہلِ کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،کشمیر اقوامِ عالم کی عدم توجہی اور ناقابلِ وضاحت دو عملی کی کلاسیکی مثال ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیاسیل کے مطابق اتوار کواپنے پیغام میں اسد عمر نے کہاکہ اہلِ عالم کی خاموشی نے کشمیر میں بھارت کے جبر و استبداد کو تقویت، فسطائیت کے ہاتھ مضبوط کئے ہیں،اپنے کندھوں پر نازی اِزم کی تمام آلائشیں لادے ہوئے سفاک ہندوتوا سرکار کشمیر میں انسانی و جنگی جرائم کی سیاہ تاریخ رقم کررہی ہے،سلامتی کونسل کی قراردادوں سے فرار سے آبادی کے تناسب میں تبدیلی تک قابض بھارت سرکار ہر جرم کی مرتکب ہے، اقوامِ عالم کشمیریوں سے کیا گیا وعدہ پورا کرنے میں ہی نہیں، کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی پامالی کے انسداد میں بھی ناکام ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سرکارِ ہند کے 5 اگست 2019 کے شرمناک اقدام پر بھی اہلِ عالم نے افسوسناک چشم پوشی اختیار کی،جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن مسئلہ کشمیر کے اہلِ کشمیر کی امنگوں، اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل سے جڑا ہے، حماقتوں پر ہمہ وقت آمادہ و تیار قابض بھارت سرکار کسی بھی وقت عالمی امن و سلامتی کیلئے بڑی آزمائش کا سبب بن سکتی ہے۔
اسد عمر نے کہاکہ وقت آن پہنچا ہے کہ اہلِ عالم کشمیر اور اہلِ کشمیر کے حوالے سے اپنا رویہ تبدیل کریں،کشمیریوں کو خودارادیت کا حق دیکر عالمی امن و سلامتی کے تحفظ کا اہتمام کیا جائے،تحریک انصاف اہلِ کشمیر کو انکی امنگوں کے مطابق حقِ خود ارادیت ملنے تک جدوجہدِ آزادئ کشمیر کی بھرپور تائید کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
تحریک انصاف اہلِ کشمیر کو انکی امنگوں کے مطابق حقِ خود ارادیت ملنے تک جدوجہدِ آزادی کشمیر کی بھرپور تائید کا سلسلہ جاری رکھے گی،اسد عمر








