بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پرویز مشرف نے اپنے آخری دن بڑی تکلیف میں گزارے،اعجاز الحق

اسلام آباد(ممتاز نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ضیاء) کے سربراہ اور سینئرسیاستدان اعجازالحق کاجنرل (ر) پرویز مشرف کے انتقال پر کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے آخری دن بڑی تکلیف میں گزارے۔
نجی ٹی وی پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے اعجاز الحق نے کہا کہ انہیں حادثاتی طور پر ملک کو ٹیک اوور کرنا پڑا تھا، پہلے تین سال انہوں نے بہت اچھے گزارے، سیاست میں ایک اچھی ٹیم لے کر آئے اور بالکل مداخلت نہیں کی۔ پھر سپریم کورٹ نے انہیں نظریہ ضرورت کے تحت مزید تین سال دئے اور اجازت دی کہ وہ آئین میں کوئی ترمیم کرنا چاہیں تو کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ غیروں کی جنگ میں شرکت ان کیلئے بڑا مشکل فیصلہ تھا، وہ اس دوراہے پر کھڑے تھے جہاں آپ کریں تو مریں، نہ کریں تو بھی مریں گے۔ اگر وہ اس وقت نہ کرتے تو ہمارے ساتھ کیا ہوتا وہ ابھی ہمیں معلوم نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جنرل (ر) نے ہندوستان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بڑی دلیری کے ساتھ بات کی۔
عمران خان کے جیل بھرو تحریک کے اعلان پر ان کا کہنا تھا کہ جیل بھرو تحریک میں جیلیں بھرنا آسان نہیں، آپ کوئی دفعہ توڑیں گے تو ہی وہ آپ کو جیل بھیجیں گے، ایسا نہیں کہ آپ چوک پر کھڑے ہوکر کہیں کہ مجھے جیل میں ڈالو اور وہ ڈال دیں۔