بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی ہر طرف اتنی دستکیں دے رہی ہے کہ آپ سوچ نہیں سکتے: فیصل واوڈا

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ غریبوں کے پاس کھانے کو نہیں ہے وہ جیل بھرو تحریک میں کیوں جائے گا۔

نجی ٹی وی  کے پروگرام ’آپس کی بات‘ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ اتنی مقبولیت ہونے کے باوجود عمران خان نے اسمبلیاں توڑ کر اپنے پاؤں پر کلہاڑی مارلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت وہ صورتحال نہیں کہ عمران خان کو گرفتار کیا جائے، ذوالفقار علی بھٹو بہت مقبول تھے لیکن انہیں گرفتار کرکے پھانسی دیدی گئی، غریبوں کے پاس کھانے کو نہیں ہے وہ جیل بھرو تحریک میں کیوں جائے گا، جیل بھرنے سے پی ٹی آئی کو کیا فائدہ ہوگا، یہ کیا روایت بنادی گئی ہے جو جیل میں جائے گا بڑا لیڈر بن جائےگا۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ عمران خان گالم گلوچ، لڑائی، جیلوں کے علاوہ کوئی مثبت کام کریں، عمران خان گندے لوگوں کو سائیڈ کرکے پارٹی کے اچھے لوگوں کو سامنے لائیں، میں ہواؤں کے خلاف عمران خان کیلئے ہی کھڑا ہوا ہوں، میں نے جو باتیں کیں وہ ٹھیک نکلیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی عمران خا ن کے بنا کچھ نہیں ہے، عمران خان ہی پی ٹی آئی اور پی ٹی آئی ہی عمران خان ہے، عمران خان کو بار بار کہتا ہوں ان کیلئے مصیبتیں قریبی لوگوں کی وجہ سے کھڑی ہوئیں، وہ لوگوں کے غلط مشوروں پر اپنے ہی پیروں پر کلہاڑی مار رہے ہیں۔

عمران خان کے اسٹیبلشمنٹ کے پیغام سے متعلق سوال پر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ہر طرف دستک دی جارہی ہے، اتنی دستکیں دی جارہی ہیں کہ آپ سوچ بھی نہیں سکتے، یوں سمجھ لیں گھنٹی کی تاریں کاٹ کر ڈائریکٹ کردی گئی ہے، عمران خان ایک اچھے انسان اور لیڈر ہیں اللہ انہیں ہدایت دے، وہ کبھی اداروں کے خلاف نہیں تھے آج ایسے ایسے کام کروارہے ہیں یقین نہیں آتا، سانپ کے بچے پارٹی کے مخلص لوگوں کو عمران خان کے قریب نہیں آنے دیتے۔