بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کا غلط استعمال کیا، اسٹیبلشمنٹ خط کے معاملے پر وضاحت دے ، مریم نواز

  لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کا غلط استعمال کیا، خط کا پول جلد کھلنے والا ہے، اسٹیبلشمنٹ خط کے معاملے پر وضاحت دے۔ منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ حکومت اپنی کارکردگی کے بجائے جعلی خط لے کر آگئی، حکومت عدم اعتماد کے جواب میں اپنے منصوبے لے کرآتی مگر یہ جعلی خط لے آئے۔انہوں نے کہا کہ آپ نے خط سے متعلق سب کچھ بتا دیا تو خط کیوں نہیں دکھایا،عمران خان نے جلسے میں کوئی خط نہیں خالی کاغذ دکھایا،آئین توڑنا ان کے لیے آسان ہے لیکن خط دکھانا مشکل ہے، خط اس لئے نہیں دکھایا گیا کیونکہ وہ ایک جعلی خط تھا۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے چند دن کرسی سے چمٹے رہنے کیلئے آئین کو توڑا، ان کیلئے آئین توڑنا آسان مگر خط دکھانا مشکل ہے، اس خط کو وزارت خارجہ میں تیار کیا گیا، انہیں معلوم تھا جب خط عوام یا میڈیا کے سامنے آیا تو پول کھل جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ جس روز خط کا ڈرامہ کرنا تھا اس سے ایک روز پہلے پاکستانی سفیر کو امریکا سے برسلز بھجوایا، اس خط کے اصل کردار کو میڈیا کے سامنے یا سپریم کور ٹ میں پیش کریں، انہیں معلوم تھا کہ خط کا ڈرامہ ہوا تو سفیر سے سوالات ہوں گے، بتایا جائے سفیر کہاں ہے۔ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ انہوں نے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کو اپنے مقصد کیلئے استعمال کیا، این ایس سی کے اعلامیہ میں کہیں بھی سازش کا ذکر ہی نہیں تھا، آپ نے اس کمیٹی کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا، خط کا پول جلد کھلنے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ نیشنل سکیورٹی کمیٹی ہے عمران بچاؤ کمیٹی نہیں، اسٹیبلشمنٹ خط کے معاملے پر وضاحت دے، ہم پر سفارتکاروں سے مل کر سازش کا الزام لگایا جاتا ہے۔