بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مبینہ بیٹی چھپانےکا کیس، عمران خان کی اضافی دستاویزات جمع کرانےکی متفرق درخواست منظور

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے مبینہ بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے پر نااہلی کی درخواست میں عمران خان کی جانب سے اضافی دستاویزات جمع کرانے کی متفرق درخواست منظور کرلی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے لارجر بینچ نے شہری محمد ساجد کی درخواست پر عمران خان کو نااہل کرنےکی درخواست کی سماعت کی۔

لارجر بینچ چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل ہے، لارجربینچ بنانےکا فیصلہ سنگل بینچ پر اعتراض کے بعد چیف جسٹس نے کیا تھا ۔

عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ عدالت میں پیش ہوئے جب کہ درخواست گزار  محمد ساجد کی جانب سے وکیل سلمان بٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس عامرفاروق کا کہنا تھا کہ درخواست کا قابل سماعت ہونا بھی ایک ایشو ہے، اگر درخواست قابل سماعت ہوئی تو  پھرمیرٹ پر دلائل سنیں گے۔

عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ میں ابتدائی طور پر صرف درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دوں گا، اس عدالت کے 2  آرڈرز ہیں، انہیں دیکھ لیں کہ  ابھی دائرہ اختیار پر سماعت ہے، سلمان اکرم راجہ نے  22 اگست اور  24  نومبر کے عدالتی احکامات پڑھ کر سنائے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی کے ساتھ بیان حلفی میں معلومات چھپانےکا الزام ہے۔

اس موقع پر وکیل الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ عدالت کہے تو کیس سے متعلق ریکارڈ کی مصدقہ نقول جمع کرادیں گے۔

عدالت نے عمران خان کے وکیل کی درخواست پر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر یکم مارچ کو حتمی دلائل طلب کرلیے اور عمران خان کی جانب سے اضافی دستاویزات جمع کرانےکی متفرق درخواست بھی منظورکرلی۔

 خیال رہے کہ اس سے قبل عمران خان نے سنگل بینچ کو بیان میں کہا تھا کہ وہ اب رکن اسمبلی نہیں رہے، اس لیے درخواست قابل سماعت نہیں رہی تاہم درخواست گزار شہری محمد ساجد نےگزشتہ روز ہی کیس میں نئی دستاویزات  لگانے کی درخواست دے دی تھی، نئی دستاویزات عمران خان کے 7 نشستوں پر ضمنی انتخابات جیتنے سے متعلق ہیں۔

شہری محمد ساجد کی درخواست میں سابق وزیر اعظم عمران خان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے 2018 کے عام انتخابات کے کاغذات نامزدگی میں اپنی مبینہ بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔