اسلام آباد(ممتاز نیوز) سابق وزیر اعظم نواز شریف کے سابق پرنسل سیکرٹری فواد حسن فواد نے کہا ہے کہ مجھ سے شہباز شریف کیخلاف اسٹیٹمنٹ دلوانا چاہتے تھے کہا گیا کہ کاغذات پر دستخط کریں اور چلے جائیں یہ بھی کہا گیا کہ اگر یہ نہیں کریں گے تو 20برس اندر ہی رہیںگے ،مجھے وارنٹ دکھا کر دھمکایا گیا اور کہا گیا کہ مان لیں کہ نگران وزیراعلیٰ کے کہنے پر سب کچھ کیا،میرے خلاف کیس میں کچھ نہیں نکلا پھر بھی 19ماہ جیل رہا ۔نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے فواد حسن فواد نے کہا کہ مجھ پر یہ الزام بھی لگایا کہ میرے 19 اکاؤنٹس میں اربوں روپے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ میری پوری فیملی کے 5 اکاؤنٹس میں 2 کروڑ روپے تھے,19 اکاؤنٹس اس طرح بنائے کہ میری دوران ملازمت جہاں جہاں پوسٹنگ ہوئی وہاں کے سیلری اکاؤنٹس شامل کرلیے،امریکا میں بیٹی اور دبئی میں ملازمت کرنے والے بیٹے کا اکاؤنٹ بھی میرے کھاتے میں ڈال دیے تھے،میرے ذاتی کسی بھی اکائونٹ میں 3،4 ہزار روپے سے زیادہ پیسے نہیں تھے ۔فواد حسن فواد نے کہا کہ مجھ پر الزام لگایا کہ کمپنی کا ٹھیکہ کینسل کرکے دوسری کمپنی کو دیا، میں بار بار کینسل کیے گئے ٹھیکے کا ثبوت مانگتا رہا لیکن نیب نے کچھ جواب نہیں دیا،انہوں نے کہا کہ میں نے زندگی میں کبھی نہیں سوچا کہ جس فائل کو ریوکررہا ہوں اس کے پیچھے کون ہے،میرے سیل میں دو نیب آفیسرز آئے اور صبح اثاثہ جات کیس میں عدالت سے ریمانڈ مانگا گیا،میں نے پہلی مرتبہ سول سروس میں لوگوں سے ان کے کام سے متعلق پوچھنا شرو ع کیا۔انہوں نے کہا کہ جسٹس (ر)جاوید اقبال کو چیئرمین نیب بنانے کی مخالفت کی کیونکہ اس عہدہ کیلئے ایسا شخص ہونا چاہیے جس کی دیانت شک و شبہہ سے بالاتر ہو اور انکا مجھے ذاتی تجربہ سے پتہ تھا وہ اس عہدہ کے قابل نہیں میں نے جسٹس وجیح الدین کا نام تجویز کیا تھا ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرا نہیں ، میرے بھائی کا جنرل باجوہ سے پرانا فیملی تعلق تھا،میر ے پاس کوئی ایسی شہادت نہیں کہ میرے خلاف کیسز میں جنرل باجوہ کا کوئی کردار تھا۔انہوں نے کہا کہ اگر میرا قصور تھا تو سزا مجھے ملنی چاہیے تھی ،میرے بچوں کو بھی اس کیس میں گھسیٹا گیا ،میری ساس میرے ساتھ رہتی ہیں، جب میرے گھر چھاپہ مارا گیا تو اَس دن سے ساس اپنا ذہنی توازن تقریباً کھوچکی ہیں، وہ بچوں کو پہچان نہیں سکتیں،خدا کا شکر ہے میری والدہ کا انتقال پہلے ہوگیا ورنہ وہ میری تکلیف نہ دیکھ سکتے۔
میرا نہیں، میرے بھائی کا جنرل باجوہ سے پرانا فیملی تعلق تھا، فواد حسن فواد








