لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور بھارت کی ویمنز ٹیمیں آج ٹی20 ورلڈ کپ کے سنسنی خیز مقابلے میں مدمقابل ہوں گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق کیپ ٹاؤن میں میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 13 ٹی20 مقابلوں میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جس میں ہندوستان 10 جبکہ قومی ٹیم محض 3 کامیابیاں سمیٹ سکی ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی تناؤ کے باعث تمام مقابلے ملٹی ٹیم ٹورنامنٹس میں ہوئے ہیں۔
قبل ازیں روایتی حریف اکتوبر 2022 میں بنگلہ دیش کے شہر سلہٹ میں ہونے والے ایشیاکپ میں ایک دوسرے سے ٹکرائے تھے جس میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی تاہم ٹائٹل بھارت کے نام رہا تھا۔









