ٓاسلام آباد(ممتازنیوز) الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ کے تحت خواتین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔خواتین کانفرنس کا عنوان”میرا گھر میری جنت تھا جس کا مقصدخواتین میں شعوراجاگر کرنا اور انسانی خدمات کے لییالخدمت فاؤنڈیشن کا ساتھ دینے والی خواتین کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔ مختلف سیشنز پر مشتمل الخدمت ویمن کانفرنس میں سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سید وقاص جعفری، صدر الخدمت ویمن ونگ کلثوم فاطمہ رانجھا، سیکرٹری جنرل الخدمت ویمن ونگ سمیعہ سلمان اور مختلف یونیورسٹیز کی طالبات، صحافیات سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام میں ’’ رشتے زندگی کا اثاثہ‘‘ اور’’ خاص ہے ترتیب میں قوم رسول ہاشمی‘‘ کے عنوانات پر خصوصی لیکچرزاوردرس قرآن کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ کی انسانیت کے لیے خدمات قابل ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر اپنے معاشرے کی اصلاح کرنی ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ کی خواتین نے سیلاب متاثرین کی امداد میں بھی نمایاں خدمات سرانجام دیں جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
صدر الخدمت ویمن ونگ کلثوم فاطمہ رانجھا نے استحکام خاندان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ باشعور مردو عورت مستحکم خاندان کی ضمانت ہیں۔ مرد اور عورت کا متوازن کردار آئندہ نسلوں کی فلاح کا ضامن اور فلاحی معاشرے کی تشکیل کا ضامن ہے۔عورت کومعاشرے میں باشعور اوربااختیار بنانے میں الخدمت وومن ونگ کی کاوشیں قابلِ تقلید ہیں۔ سیکرٹری جنرل الخدمت ویمن ونگ سمیعہ سلمان نے ویمن ونگ کی خدمات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پسماندہ طبقے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر ان کے مسائل کے حل کے لیے الخدمت ویمن ونگ اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے جس میں صحت، خواتین کے لیے جہیز پیکیج،ونٹر پیکیج،اجتماعی شادیوں اورگھرکی بنیادی اشیا ضروریات فراہم کرنا ہے۔تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔تقریب کیاختتام پر ملک و قوم کی سالمیت اورترکیہ و شام کے زلزلہ متاثرین اور شہداء کے لیے خصوصی دعا کروائی گئی۔
الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ کے تحت خواتین کانفرنس ، خصوصی لیکچرزاوردرس قرآن کا اہتمام بھی کیاگیا








