لاہور(ممتازنیوز)پنجاب حکومت اور فلور ملز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
لاہور میں ہونے والے کامیاب مذاکرات میں نگراں صوبائی وزرا ایس ایم تنویر، منصور قادر، بلال افضل کے علاوہ سیکرٹری خوراک زمان وٹو بھی مذاکرات میں شامل ہوئے۔
اس سے قبل پنجاب حکومت نے فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد کو مذاکرات کے لئے وزیراعلیٰ ہاؤس بلایا تھا۔
واضح رہے دو روز قبل پنجاب میں فلور ملز مالکان نے صوبے بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا تھا، اس اعلان کے ردعمل میں حکومت نے فلور ملز مالکان کو گرفتار کرنے کے لئے 36 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ایم پی او تھری لگانے کے احکامات جاری کر دیئے تھے۔
حکومت کو خدشہ تھا کہ فلور ملنگ انڈسٹری کے ساتھ محاذ آرائی ملک گیر آٹے کے بحران میں تبدیل ہو سکتی ہے، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی فلور ملز ایسوسی ایشن پہلے ہی حمایت کا اعلان کر چکی تھیں جبکہ گرفتاریوں سے صورتحال مزید کشیدہ ہونے کا بھی امکان تھا۔









