اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) الیکشن کمیشن نے سابق وزرا شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور فرخ حبیب کے بیانات کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن آئین اور قانون کے مطابق عام انتخابات کروانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے بعد قومی اسمبلی حلقے 272 سے کم ہو کر 266 رہ گئے، اس صورت میں نئی حلقہ بندی کرنا ضروری ہے۔ اعلامیہ کے مطابق 2017 کی مردم شماری نوٹیفائی ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے حلقہ بندی شروع کی، حکومت نے نئی ڈیجیٹل حلقہ بندی کرنے کا اعلان کیا اس لیے حلقہ بندی روک دی گئی۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ ڈیجیٹل حلقہ بندی نامکمل ہونے کے باعث حلقہ بندی کا کام مکمل نہیں ہوسکا، الیکشن کمیشن اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریاں ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق دیگر اداروں اور شخصیات کو اپنی ذمہ داری بروقت ادا کرنی اور بے جا تنقید سے پرہیز کرنا چاہیے۔
ہم اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں، الیکشن کمیشن








