بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان میں دہشت گردی کاخطرہ،امریکی شہریوں کیلئے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری

  واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کےلئے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات کے باعث پاکستان کے سفرپر نظرثانی کریں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کی طرف سے جاری ہونے والی ٹریول ایڈوائزری میں پاکستان کو لیول تھری میں رکھتے ہوئے دہشتگردی کا خدشہ ظاہر کیا ۔جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق دہشت گردی اور اغوا کے واقعات کے باعث صوبہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا سمیت سابق فاٹا کے اضلاع کے سفر سے امریکی شہریوں کو روکا گیا ہے۔علاوہ ازیں دہشتگردی اور ممکنہ مسلح تصادم کے پیش نظر لائن آف کنٹرول کے قریبی علاقوں میں بھی جانے سے بھی منع کیا گیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کی جانب سے بیان میں میں کہا گیا کہ پاکستان میں دہشت گردوںکی جانب سے حملوںکی سازش کی جا رہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ دہشت گرد ٹرانسپورٹ کے مراکز، مارکیٹوں، شاپنگ مالز، عسکری تنصیبات، ایئر پورٹس، یونیورسٹیوں، سیاحتی مقامات، سکولوں، ہسپتالوں، عبادت گاہوں اور سرکاری مقامات کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔بیان میں مزیدکہاگیا کہ پاکستان میں دہشت گردانہ حملے ہوتے رہتے ہیں جبکہ سب سے زیادہ واقعات بلوچستان، خیبر پختونخوا اور سابق فاٹا کے اضلاع میں پیش آتے ہیں، بڑے پیمانے پر ہونے والے دہشت گردحملوں میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہو چکے ہیں۔ محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ بڑے شہروں بالخصوص اسلام آباد میں سکیورٹی کےلئے زیادہ وسائل موجود ہیں اور دیگر علاقوں کے مقابلے میں ان علاقوں میں موجود سکیورٹی فورسزکسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے فوری طور پر نمٹنے کے لیے شاید زیادہ تیار ہوں، اس لیے اسلام آباد میں دہشتگرد حملوں کی تعداد کم ہے۔