اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی و تبدیلی اور پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے بارکھان واقعے پر ردّ عمل کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرشیری رحمان نے اس واقعے پر مذمتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بارکھان واقعہ ہمارے معاشرے کے مجموعی شعور پر سوالیہ نشان ہے، بہیمانہ تشدد، قتل اور نعشوں کی بے حرمتی نے سب کا سر شرم سے جھکا دیا ہے۔
بارکھنان کے افسوسناک اور قابل مذمت واقعے کے محرکات اور وجوہات جو بھی ہوں، یہ ہمارے معاشرے کے مجموعی شعور پر سوالیہ نشان ہے۔ ہم کون سی صدی میں رہتے ہیں جہاں طاقتوروں نے نجی جیل بنائے ہوئے؟ جہاں لوگوں، عورتوں اور بچوں پر تشدد کر کے ان کی لاشیں کنویں میں پھینک دی جاتی ہیں؟ 1/2 pic.twitter.com/4bERchvoXn
— SenatorSherryRehman (@sherryrehman) February 24, 2023
رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم کون سی صدی میں رہتے ہیں جہاں طاقتوروں نے نجی جیل بنائے ہوئے ہیں، عورتوں اور بچوں پر تشدد کر کے نعشیں کنویں میں پھینک دی جاتی ہیں۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم میں دل دہلا دینے والے انکشافات سامنے آ رہے ہیں جو متاثرین اور ان کے خاندان پر گزری ہے اس کا کوئی ازالہ نہیں کرسکتا، اس واقعے کی جلد از جلد تحقیقات کر کے مجرموں کو کڑی سزا دی جائے۔









