اسلام آباد(نیوز ڈیسک )الشفاء ٹرسٹ کے صدر میجر جنرل (ر) رحمت خان نے کہا کہ ہے کہ پبلک ہیلتھ کو توجہ دینے سے پاکستان میں اندھے پن کے پھیلاؤ کو کم کیا جا سکتا ہے۔ دنیا میں بصارت کے مسائل کی سالانہ لاگت کئی سو بلین ڈالرز ہے جس میں پیداواری صلاحیت میں کمی، معیار زندگی کا زوال اور ڈپریشن میں اضافہ وغیرہ شامل ہیں۔صحت عامہ کے حوالے سے پہلی بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل (ر) رحمت خان نے کہا کہ صحت عامہ نابینا پن سے لڑنے کا بہترین ذریعہ ہے جس کا بھرپور استعمال کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کے ماہرین عوام کو آنکھوں کی دیکھ بھال کی اہمیت اور آنکھوں کی صحت کو برقرار رکھنے کے طریقوں سے آگاہ کر سکتے ہیں جس میں آنکھوں کے باقاعدہ چیک اپ اور انھیں چوٹ سے بچانا شامل ہیں۔کانفرنس سے پروفیسر ڈاکٹر واجد علی خان، ایچ ای سی کے چیئرمین کے مشیر اویس احمد، کینیڈا کی یونیورسٹی آف واٹر لو سے ڈاکٹر زاہد اے بٹ، سوکوبا یونیورسٹی جاپان کے پروفیسر ٹوکی انمے، ڈائریکٹر جان شنو انٹرنیشنل بابر تسنیم شیخ، چئیرپرشن سپیشل پاکستان ڈاکٹر عائشہ بابر کاوش، الشفاء سکول آف پبلک ہیلتھ کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر احمد عبداللہ، ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر قرہ العین وحید، ڈاکٹر عمارہ اجمل اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں بھرپور کوششیں کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔ کانفرنس میں پریزنٹیشنز، مباحثوں اور نیٹ ورکنگ کے ذریعے ماہرین کے درمیان تعاون بڑھایا گیا جس سے صحت عامہ کی تحقیق اورمستقبل میں پیشرفت کی راہ ہموار ہوئی۔










