اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ دینے کے معاملے پر پارٹی رہنماوں سے مشاورت کی ہے۔
آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ (ق)کو حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں حمایت کے بدلے چوہدری پرویز الٰہی کو وزار ت اعلیٰ دینے کی پیشکش کر رکھی ہے ۔ذرائع کے مطابق ن لیگ کی اکثریت نے چوہدری پرویز الٰہی کو وزیر اعلی بنانے کی مخالف کردی۔(ن) لیگ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنماوں نے کہا کہ پرویز الٰہی کو وزیر علیٰ بنانے پر پنجاب میں ن لیگ کی سیاست بری طرح متاثر ہوگی ۔(ن) لیگ کے اکثر رہنمائوں نے کہا کہ عثمان بزدار کے خلاف عدم اعتماد کامیاب ہونے کی صورت میں وزیراعلی ن لیگ سے لیا جائے ۔ذرائع کے مطابق حتمی فیصلے کا اختیار نواز شریف کو دے دیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ق لیگ کو وزارت اعلی دینے کی صورت میں مرکز میں حکومت گرانے میں آسانی ہوگی۔اس کے علاوہ پیپلز پارٹی نے دعویٰ کیا کہ چوہدری پرویز الٰہی نے عمران خان یا اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی صورت میں ایک درجن حکومتی اراکین کی حمایت کا بھی یقین دلایا ہے۔