اگر آپ سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر کو استعمال کرنے میں ناکام ہو رہے ہیں تو ایسا صرف آپ کے ساتھ نہیں ہو رہا۔
درحقیقت پاکستان سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں صارفین کو ٹوئٹر ٹائم لائن تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
صارفین جب ویب ورژن یا موبائل ایپ پر ٹوئٹر کو اوپن کرتے ہیں تو ان کے سامنے ویلکم ٹو ٹوئٹر کا میسج آتا ہے مگر دیگر افراد کے ٹوئٹس نظر نہیں آتے۔
صارفین ٹوئٹس تو کر سکتے ہیں مگر ویلکم ٹو ٹوئٹر کے نیچے لیٹس گو بٹن پر کلک کرنے کے بعد ان کے سامنے فالوورز سجیشن لسٹ آجاتی ہے۔
ٹوئٹر سرچ سے بھی صارفین کو کوئی مدد نہیں مل رہی۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ ٹوئٹر کی سروس کیوں متاثر ہوئی مگر اس کمپنی کے ہزاروں ملازمین کو فارغ کیا جاچکا ہے جس کے باعث مختلف شعبے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
ڈاؤن ڈیٹکٹر کے مطابق مختلف ممالک کے ہزاروں صارفین کی جانب سے ٹوئٹر ڈاؤن ہونے کی رپورٹ کی گئی۔
ڈاؤن ڈیٹکٹر کے مطابق 3 بجے سہ پہر کے بعد سے صارفین کی جانب سے ٹوئٹر میں مسائل کی نشاندہی کی گئی اور بظاہر دنیا بھر کے صارفین اس مسئلے سے متاثر ہوئے ہیں۔
اس سے قبل دسمبر 2022 میں بھی ٹوئٹر کی سروس بڑے پیمانے پر متاثر ہوئی تھی۔
اس موقع پر کمپنی کی جانب سے نہیں بتایا گیا تھا کہ سروس کیوں متاثر ہوئی۔









