بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کل قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ ہو گی، مریم اورنگزیب

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو توہین عدالت نہ کرنے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ تخریب کاری اور توحینِ عدالت نہ کریں، اب آپ کی کوئی فنکاری نہیں چل سکے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جھوٹ، فریب اور دھوکہ کی بہت تقاریر سُن لیں اب مزید وقت ضائع نہ کریں۔انہوں نے کہا کہ ‎پورے کا پورا حکومتی ٹولہ ذہنی توازن کھو بیٹھا ہے، عمران صاحب اور وزراء خودکش بمبار بن چکے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‎کل قومی اسمبلی میں عدالت کے حکم کے مطابق عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ ہو گی، ‎ووٹنگ روکی گئی یا اس میں رکاوٹ ڈالی گئی تو یہ توہین عدالت ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ‎عدالت عظمی نے واضح فیصلہ دیا ہے، اس پر عمل نہ کیا تو آئین شکن ٹولہ توہین عدالت کا مجرم بھی ہو گا، ‎آئین شکن ٹولہ سرکاری افسران اور عملے کو توہین عدالت پر مجبور نہ کرے، ‎عمران صاحب عزت سے گھر جانے کا آپشن بھی ضائع کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ‎عدالتی فیصلے آئین اور ضابطے کے تحت کوئی اور معاملہ ’آرڈر آف دا ڈے‘ پر نہیں آسکتا، ‎عالمی سازش کا جھوٹا اور مضحکہ خیز بیانیہ بھی احتساب اور عمران صاحب کے جعلی بیانیوں کی طرح دفن ہو چکا ہے۔