بالی ووڈ سُپر اسٹار شاہ رخ خان کے گھر ’منت ہاؤس‘ میں گھسنے والے دونوں افراد کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے شاہ رخ خان کے گھر پٹھان ساحل اور رام صرف نامی 2 افراد گھسے جو 8 گھنٹے تک میک اپ روم میں چھپے رہے۔
رپورٹس کے مطابق دونوں افراد نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا تعلق گجرات سے ہے اور وہ شاہ رخ خان سے ملنا چاہتے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں افراد کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جنہیں اداکار کے سیکیورٹی گارڈز نے پکڑ کر باندرہ پولیس کے حوالے کردیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں ملزمان شاہ رخ خان کے بنگلے ’منت‘ کی تیسری منزل پر بنے میک اپ روم میں چھپے ہوئے تھے جنہیں دیکھ کر کنگ خان حیران رہ گئے تھے۔
بھارتی پولیس کا اس حوالے سے بتانا ہے کہ دونوں افراد رات 3 بجے کے قریب بنگلے میں گھسے اور تقریباً 8 گھنٹے تک میک اپ روم میں شاہ رخ خان سے ملنے کا انتظار کرتے رہے جس کے بعد صبح ساڑھے 10 بجے دونوں کو پکڑ لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان کے بنگلے کی منیجر نے پولیس کو اپنے بیان میں بتایا ہے کہ 2 فروری کو سیکیورٹی گارڈ نے 11 بجے فون کر کے بتایا کہ 2 افراد بنگلے میں گھسنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں افراد کی عمر 20 اور 22 سال ہے، اس حوالے سے پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔









