بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم عمران خان کیخلاف عدم اعتماد کی کارروائی پر عالمی میڈیا کی نظریں

نئی دہلی (نیوز ڈیسک )پاکستان کی سپریم کورٹ کے حکم پر آج وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی کارروائی جاری رکھنے پر عمل درآمد کے حوالے سے جہاں ملک بھر میں سیاسی درجہ حرارت عروج پر ہے ۔۔ وہیں عالمی میڈیا کی نظریں بھی اسی معاملے پر گڑی ہوئی ہیں۔

گزشتہ شب وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب کے دوران ہندوستان کی خارجہ پالیسی کے تذکرے اور تحسین آمیز الفاظ نے پاکستان میں تو اُن کے مخالفین کو بھڑک اُٹھنے کا موقع فراہم کیا ہی تھا ۔۔۔ بھارتی سیاست دانوں اور میڈیا کو بھی ہڑبڑا کر نیند سے جاگنے پر مجبور کر دیا۔

بھارتی نیوز چینلز اور ویب سائٹس پر وزیراعظم عمران خان کے بھارتی عوام کو خوددار قوم کہنے پر دھواں دار تبصرے اور تجزیے جاری ہیں۔

بھارتی میڈیا میں وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ اور بڑی ناقد ریحام خان کی ٹوئیٹ کا بھی حوالہ دیا جا رہا ہے جس میں وہ کہتی ہیں کہ ۔۔ کیونکہ عمران خان کو اب اندازہ ہو چلا ہے کہ وہ جیت نہیں سکتے اس لیے انہوں نے اچانک بھارت کے حق میں مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا میں وزیراعظم عمران خان کے حمایتی اور مخالف اراکین کے نمبر گیم اور پاکستانی اپوزیشن جماعتوں کی جوڑ توڑ کی سیاست بھی زیر بحث ہے۔

عالمی میڈیا میں وزیراعظم عمران خان کے امریکا پر پاکستانی سیاست میں اثرانداز ہونے اور تحریک عدم اعتماد میں ملوث ہونے کے الزامات اور امریکا کی جانب سے اِن الزامات کی بارہا تردید بھی موضوعِ گفتگو بنی ہوئی ہے۔

گزشتہ روز بھی وزیراعظم عمران خان کے اپنے خطاب میں امریکا پر الزامات کی امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے فوری طور پر تردید سامنے آئی تھی۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ جیلینا پورٹر نے ایک صحافی کے سوال پر کہا کہ وہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے الزامات کی دو ٹوک الفاظ میں تردید کرتی ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کے آئینی طریقہ کار، قانون کی بالادستی کا احترام اور حمایت کرتا ہے۔

پاکستانی وزیراعظم عمران خان پونے چار سالہ دور حکومت میں اپنی تقاریر، بیانات و اقدامات کے باعث مسلسل عالمی میڈیا کی نظروں کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔