ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں پاکستانی لیبر کیمپ میں 23 مارچ یوم پاکستان کی مناسبت سے تقریب منعقد کی گئی جس میں سینکڑوں ورکرز نے شرکت کی اور پاکستان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا. دارالحکومت ریاض میں بنک الحبیب کی جانب سے ریاض میٹرو لیبر کیمپ میں منعقدہ 23 مارچ یوم پاکستان کی تقریب میں سینکڑوں ورکرز نے جہاں وطن کی محبت میں گیت گائے اور بھنگڑے ڈال کر پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے وہیں مختلف کھیلوں میں بھی شرکت کی. اس موقعہ پر بنک الحبیب کے سینئرچیف منیجربزنس ڈویلپمنٹ ڈویژن شہر یار صفدر کا کہنا تھا کہ پردیس میں کام کرنے والے لاکھوں ورکرز ملکی سرمایہ ہیں ان کے ساتھ یوم پاکستان کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کا مقصد انہیں روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کے ذریعے ملکی معیشت کو مزید مضبوط بنانا ہے. تقریب سے ریاض میٹرو گروپ کے پروجیکٹ ہیڈ محمد قانسو اور آئی پی جی گروپ پاکستان کے سی ای او جواد غلام رسول نے بھی پاکستانی ورکرز سے اظہار خیال کرتے ہوئے یوم پاکستان کی مبارکباد دی اور ورکرز کے جوش اور جذبے کو سراہا جبکہ انہیں لکی ڈرا کے ذریعے پاکستان کے لئے ریٹرن ائیر ٹکٹ بھی دئیے آخر میں یوم پاکستان کا کیک بھی کاٹا گیا.
پردیس میں کام کرنے والے لاکھوں ورکرز ملکی سرمایہ ہیں،شہر یار صفدر سینئرچیف منیجربزنس ڈویلپمنٹ ڈویژن








