لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے میگا ایونٹ کے دوران موسم کی ممکنہ خرابی کے باعث بڑا فیصلہ کرتے ہوئے فائنل کی تاریخ تبدیل کر دی ہے۔
یاد رہے کہ ایونٹ شروع ہونے سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے فائنل کی تاریخ 19 مارچ بروز اتوار رکھی گئی تھی۔تاہم لاہور میں خراب موسم اور ممکنہ طور پر ہونے والی بارش کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 18 مارچ بروز ہفتہ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں فائنل کروانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ریزرو ڈے کے طور پر سوموار کا دن رکھا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بور( پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ پی ایس ایل ہمارا شاندار ایونٹ ہے، میگا ایونٹ میں شریک تمام ٹیمیں ٹرافی جیتنے کیلئے پورا سال تگ و دو کرتی ہیں اور ساتھ ساتھ عوام بھی اپنی پسندیدہ ٹیم کو چیمپئن دیکھنا چاہتے ہیں۔
نجم سیٹھی کی طرف سے بتایا گیا کہ خراب موسم کی پیشگوئی کی معلومات کے بعد بورڈ نے بروقت فیصلہ کرتے ہوئے فائنل کی تاریخ ایک روز قبل رکھ لی ہے۔ جس کے لیے ٹیموں سے بات چیت ہوئی ہے انہوں نے بورڈ کے فیصلے کی حمایت بھی کی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فاءنل کے لیے عوام کے لیے بھی سہولت رکھی ہوئی ہے۔ اتوار کے میچ کے لیے خریدے گئے ٹکٹ ہفتے والے دن بھی استعمال ہو سکیں گے۔
پی ایس ایل 8 ، پی سی بی نے فائنل کی تاریخ تبدیل کر دی








