بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

زمان پارک میں ریاستی اداروں کو چیلنج کیا جا رہا ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد(ممتازنیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ زمان پارک میں ریاستی اداروں کو چیلنج کیا جا رہا ہے، بار بار وقت ملنے کے باوجود عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہوئے، وہ غیر قانونی عمل سے عدالت پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، پولیس کرپشن کیسز میں عمران خان کو گرفتار کرنے کے لئے عدالتی احکامات کی تعمیل پر زمان پارک میں موجود تھی۔

عالمی نشریاتی ادارہ ”بی بی سی نیوز“ سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ زمان پارک میں کارروائی کے دوران پولیس کے پاس کوئی ہتھیار نہیں تھے، پولیس اہلکاروں کو ڈنڈوں اور پتھروں سے مارا گیا، ان کی گاڑیوں پر پٹرول بموں سے حملے کئے گئے۔ اس مجرمانہ فعل کی وجہ سے ڈی آئی جی آپریشنز سمیت 65 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جو ہسپتال میں داخل ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے گرفتاری سے بچنے کے لئے پارٹی کارکنوں، خواتین اور بچوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ آڈیو لیک اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان نے اپنے کارکنوں اور سینئر عہدیداروں سے پٹرول منگوا کر پٹرول بموں میں استعمال کروایا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان غیر قانونی عمل سے عدالت پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔

آئین پاکستان میں قانون سب کے لئے برابر ہے، جو قانون میرے لئے ہے وہی سب کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر برطانیہ میں کوئی سیاسی رہنما پولیس اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرے، اپنے ورکرز کو سڑکوں پر تشدد پر اکسائے اور خود گھر پر چھپ کر بیٹھے اور اپنے پارٹی کارکنوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرے، تو وہاں کیا ہوگا؟ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کی بجائے قانون شکنی کر رہا ہے، عمران خان کو ملک میں خانہ جنگی، تشدد، انارکی کو ہوا دینے کی اجازت ہر گز نہیں دی جا سکتی۔