بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کپل شرما کی پہلی ملازمت اور تنخواہ کتنی تھی؟

بھارت کے معروف کامیڈین اور اداکار کپل شرما نے اپنی پہلی تنخواہ کے بارے میں راز کھول دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کپل شرما نے ایک انٹرویو میں انکشاف کرتے ہوئے اپنی پہلی تنخواہ کے بارے بات کی اور یہ بھی کہا کہ اُنہوں نے اس وجہ سے پیسے کمانا شروع کیے کیونکہ وہ گھر والوں سے پیسے مانگنا نہیں چاہتے تھے۔
کپل شرما جو اب بھارت کے امیر کامیڈین ہیں وہ ایک وقت میں انڈین پنجاب کے شہر امرتسر میں معمولی نوکری کرتے ہوئے اپنا جیب خرچ پورا کرتے تھے۔
انہوں انکشاف کیا کہ وہ ایک پی سی او میں نوکری کرتے تھے جہاں ان کی تنخواہ 500 روپے ہوتی تھی۔
کپل شرما نے بتایا کہ انہوں نے بہت چھوٹی عمر سے پی سی او بُوتھ میں نوکری کرنا شروع کر دی تھی جس سے وہ 500 روپے کماتے تھے۔ وہ پی سی او پر پارٹ ٹائم نوکری کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں تب کم گھنٹے کام کرتا تھا۔ میں رات کو 10 بجے سے ایک بجے تک اور پھر صبح چار بجے سے سات بجے تک کام کرتا تھا۔‘
اس کے بعد انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ وہ 14 سال کی عمر میں ایک مِل میں کام کرنے لگ گئے جہاں اُن کی تنخواہ 900 روپے تھی۔
گزرے وقتوں کو یاد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں نے کئی چھوٹی موٹی ملازمتیں کی ہیں۔ جیسے میں نے میٹرک کے امتحانات دینے کے بعد گارمنٹس کی مِل میں نوکری کرنا شروع کر دی۔ وہاں اتنی گرمی ہوتی تھی کہ دوسرے شہروں سے آنے والے مزدور اپنے گاؤں واپس چلے جاتے تھے۔‘
’ہم تب 14 سال کے بچے ہی تھے اور ہمیں لگا کہ ہم 900 روپے ماہانہ کما لیں گے۔ یہ 1994 کی بات ہے۔ اس سلسلے میں گھر سے کوئی دباؤ نہیں تھا کہ آپ نے پیسے کمانا ہیں، ہم اس پیسے سے صرف اپنی ذاتی ضروریات پوری کرتے تھے۔ کوئی میوزک سسٹم لے لیا یا والدہ کے لیے تحفہ لے لیا۔ بہت اچھا لگتا تھا۔‘
کامیڈین نے یہ بھی کہا کہ ’گھر سے پیسے مانگتے وقت شرم آتی تھی جس کی وجہ سے چھوٹی عمر میں ہی کام کرنا شروع کر دیا۔‘