بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسلام آباد ٹول پلازہ پر پولیس نے عمران خان کے قافلےکو روک دیا

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان  توشہ خانہ کیس میں پیشی کے لیے زمان پارک لاہور سے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔

عمران خان قافلے کی شکل میں براستہ موٹروے اسلام آباد کی جانب گامزن ہیں۔

دوسری جانب لاہور اسلام آباد موٹر وے پر ٹول پلازہ کا کنٹرول پولیس نے سنبھال لیا ہے اور پولیس نے اسلام آباد ٹول پلازہ پرکام کرنے والے ملازمین کو ہٹا دیا ہے۔

اسلام آباد آنے والے راستے پرکنٹینر لگا دیےگئے ہیں، پولیس کاکہنا ہےکہ عمران خان اور سکیورٹی عملےکی گاڑیوں کےعلاوہ کسی کو داخل نہیں ہونے دیا جائےگا، پولیس ٹیم کے پاس آنسو گیس کے تین سو شیل موجود ہیں۔

اسلام آباد ٹول پلازہ پر پولیس نے عمران خان کے قافلےکو روک دیا ہے اور  پولیس کسی گاڑی کو ٹول پلازہ کراس نہیں کرنے دے رہی، پولیس حکام کا کہنا ہےکہ صرف عمران خان کی گاڑی ٹول پلازہ  سے آگے جائےگی۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی پیشی کے حوالے سےایس او پیز جاری کیےگئے ہیں۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے اس کی پابندی کرنا ہوگی، عدالت، احاطہ یا قریب کوئی مسلح شخص موجود نہیں ہوگا، عدالت میں ساتھ جانے والے افراد اور گاڑیوں کی چیکنگ کروائی جائےگی۔

توشہ خانہ کیس کی سماعت آج جوڈیشل کمپلیکس کی نیب کورٹ نمبر ون میں ہوگی، ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کو فرد جرم عائد کرنےکے لیےطلب کر رکھا ہے۔

عمران خان ممکنہ طور پرآج جوڈیشل کمپلیکس جی الیون میں پیش ہوں گے۔

سیشن عدالت نے31 جنوری کو عمران خان پر فردجرم عائد کرنےکے لیےتاریخ مقررکی تھی، مسلسل عدم حاضری پرسیشن عدالت نے 28 فروری کو ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے، سیشن عدالت نے7 مارچ کے لیے وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمدکراتے ہوئے عمران خان کوپیش کرنے کا حکم دیا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے7 مارچ کو وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے 13 مارچ کوپیش ہونےکا حکم دیا۔

عمران خان کے 13 مارچ کو پیش نہ ہونے پرناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری دوبارہ بحال ہوگئے۔

سیشن عدالت نےعمران خان کے18 مارچ کے لیے وارنٹ گرفتاری جاری کرتےہوئے انہیں  پیش کرنےکا حکم دیا تھا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو آج عدالت میں پیش ہونے کے لیے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا تھا۔

چیف کمشنر اسلام آباد نے گزشتہ روز توشہ خانہ کیس کی سماعت کچہری سےجوڈیشل کمپلیکس منتقل کی تھی۔