بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

الشفاء آئی ٹرسٹ سالانہ پچیس لاکھ مریضوں کا مفت علاج کرے گا، میجر جنرل (ر) رحمت خان صدر الشفاء ٹرسٹ

راولپنڈی(ممتاز نیوز )الشفاء ٹرسٹ کے صدر میجر جنرل (ر) رحمت خان نے کہا ہے کہ لاعلمی اورذیابیطس کے بڑھتے ہوئے مرض کے باعث پاکستان میں آنکھوں کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اس لیے ہم نے اگلے پانچ سالوں میں اپنی استعداد کو دوگنا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
وژن 2028 منصوبے کے تحت سالانہ 13 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ افراد کو مفت علاج کی سہولت دی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ اس پانچ سالہ منصوبہ سے نہ صرف ہماری صلاحیت میں اضافہ ہوگا بلکہ ہم اپنے طریقہ کار ،مریضوں کی دیکھ بھال اور خدمات کو مذید تیز تر بنائیں گے۔جنرل رحمت خان نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم مریض کے ہسپتال میں داخل ہونے سے لے کر ڈسچارج ہونے تک انکی مثالی دیکھ بھال کریں گے۔ ہم نے توسیع کے منصوبے کو اس انداز سے بنایا ہے کہ مریضوں کو تمام سہولیات آس پاس ملیں اور انکی نقل و حرکت کم سے کم ہو۔ انھوں نے بتایا کہ ہم نے راولپنڈی، چکوال، کوہاٹ، مظفر آباد اور سکھر میں واقع اپنے پانچ ہسپتالوں میں خدمات کا دائرہ کار سالانہ 13 لاکھ مریضوں کی موجودہ سطح سے بڑھا کر 25 لاکھ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، چکوال کے ہسپتال میں ایک نیا بلاک زیر تعمیر ہے اور کوئٹہ میں ایک مکمل ہسپتال بنایا جا رہا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے دور افتادہ علاقوں کے لوگوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کے لیے گلگت میں کیمپنگ سٹرکچر قائم کیا جائے گا اور لاہور اور کراچی میں نئے ڈیپارٹمنٹس کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سکھر اور کوہاٹ کے ہسپتالوں میں دور افتادہ علاقوں کے دورے کرنے والی ٹیمیں کام کر رہی ہیں اورملک بھر میں آنکھوں کے مفت کیمپوں کی تعداد کو بڑھایا جا رہا ہے۔اسکے علاوہ دیہی علاقوں کے غریب مریضوں کو مفت پک اینڈ ڈراپ کی سہولت قیام اور کھانے کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔جنرل رحمت خان نے بتایا کہ پچھلی تین دہائیوں کے دوران ٹرسٹ نے 30 ملین مریضوں کا علاج کیا گیا جن میں ہزاروں مریض گلوکوما، کیٹرک اور کینسر میں مبتلا تھے۔اس سارے عمل پر 13 ارب روپے خرچ ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت آنکھوں کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ضلعی سطح پر آنکھوں کے علاج کی بہترسہولیات فراہم کرے۔