اسلام آباد: وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام میں تاخیرکی وجوہات پر بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ پیش کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے ایک بیان میں کہا کہ نیوکلیئرپروگرام کے حوالے سے میرا بیان مخصوص سوال کے جواب میں تھا، بیان میں کہا کہ پاکستان کو اپنا جوہری پروگرام تیار کرنے کا خود مختار حق حاصل ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ایٹمی پروگرام ہمارے قومی مفادات کے مطابق ہے، ایٹمی پروگرام میں کسی قسم کی بیرونی مداخلت کی گنجائش نہیں۔
انھوں نے کہا کہ میرے بیان کا آئی ایم ایف کے ساتھ کوئی تعلق نہیں، آئی ایم ایف یا کسی دوسرے ملک نے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے کوئی شرط عائد نہیں کی۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاہدے میں تاخیر تکنیکی وجوہات کی وجہ سے ہے، ہم آئی ایم ایف کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل سینیٹ اجلاس میں سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ قومی مفاد کا تحفظ کرنا ہے، نیوکلیئر یا میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا، کسی کو حق نہیں کہ پاکستان کو بتائے کہ وہ کس رینج کے میزائل یا ایٹمی ہتھیار رکھے۔









