بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اتحادیوں کے اجلاس پی ٹی آئی پر پابندی کا کوئی ذکر نہیں ہوا، قمر زمان کائرہ

 

اسلام آباد:وزیراعظم کے معاون خصوصی اور رہنما پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز اتحادیوں کے اجلاس میں پی ٹی آءی پر پابندی لگانے کا ذکر نہیں ہوا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ کل اتحادی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس ہوا تھا، اتحادی مشاورت کرتے ہیں جب کہ فیصلےحکومت کرتی ہے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر داخلہ رانا ثںاء اللہ نے اجلاس میں بریفنگ دی۔
گزشتہ روز کے اجلاس پر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اجلاس میں پی ٹی آئی پر پابندی کا کوئی ذکر نہیں ہوا، مریم نواز نے جلسے میں پابندی کی بات کی تھی، سیاسی رہنما ایسی بات کر دیتے ہیں، البتہ عمران خان کی طرز سیاست سے شدید اختلاف ہے لیکن میرا خیال ہے کہ سیاسی جماعتوں پر اس طرح پابندی نہیں لگائی جاتی۔
پی پی رہنما نے کہا کہ ہنگامہ آرائی پر قانون کواپنا راستہ لینا چاہئے، کہا جا رہا ہے کہ پولیس نے غنڈہ گردی کی، پولیس کی غنڈہ گردی میں 64 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ معاملہ سادہ تھا، عدالت عمران خان کو طلب کر رہی تھی، عمران خان عدالت میں پیش ہو جاتے تو مسئلہ حل ہو جاتا، عدالت کے حکم پر پولیس زمان پارک گئی تھی، عمران خان کی جان کو خطرہ ہے پھر بھی وہ لاہور کی سڑکوں پر گھومتے ہیں اور عدالت میں پیش ہوتے ہوئے ان کو خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔
عمران خان کی عدالت میں پیشی سے متعلق پی پی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ عدالت میں کارکنوں کو کیوں بلا یا گیا، کیا کارکنوں کو بلانے سے سکیورٹی خدشات نہیں بڑھے تھے۔