بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، دو افراد جاں بحق،درجنوں زخمی

 

اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، زمین لرزنے سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے مختلف شہروں میں محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز افغانستان، تاجکستان اورپاکستان کا سرحدی علاقہ تھا۔ زلزلے کا مرکز افغانستان کا ہندوکش پہاڑی سلسلہ تھا، زلزلہ کی گہرائی ریکٹراسکیل پر156 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
شدید زلزلے کی وجہ سے زمین لرزی تو لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مختلف شہروں میں لوگوں نے کلمہ طیبہ کا ورد شروع کیا۔

خیبرپختونخوا میں زمین لرز گئی

خیبرپختونخوا کے جن علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ان میں پشاور، ہری پور، اٹک، صوابی، مردان، دیر، سوات، مانسہرہ ، نوشہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان، کوہاٹ اور ملاکنڈ شامل ہیں۔

پنجاب میں زلزلہ

پنجاب کے جن شہروں میں زمین لرزی ان میں راولپنڈی، لاہور، سرگودھا، ملتان، گوجرانوالا، گوجرخان، جہلم، منڈی بہاؤالدین، اوکاڑہ، حافظ آباد، پھالیہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، خانیوال، ڈیرہ غازی خان، چنیوٹ اور چکوال شامل ہیں۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

گلگت، ہنزہ، نگر،غذر، چترال، اسکردو میں بھی لوگ زلزلے سے خوف زدہ ہوگئے۔ اس کے علاوہ مظفرآباد، باغ، میرپور، بالاکوٹ میں بھی زلزلہ آیا۔

اسپتالوں میں ہائی الرٹ
اسلام آباد کے سیکٹر جی 7 کی رہائشی عمارت میں مقیم شہری زلزلے کے دوران سیڑھیوں سے نیچے اتر رہے تھے کہ اسی دوران انہیں ہارٹ اٹیک ہوا اور وہ انتقال کر گئے۔ ترجمان وزارت صحت کے مطابق مذکورہ شخص کو طبی امداد کیلئے پولی کلینک ہسپتال میں لایا گیا مگر ہارٹ کی وجہ سے جاں بحق ہو گیا
اسلام آباد انتظامیہ نے زلزلے کے بعد تمام امدادی ٹیموں کو فیلڈ میں الرٹ کردیا ہے۔ ریسکیو سمیت تمام اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی۔
اسلام آباد میں خداداد ہایئٹس میں دراڑیں پڑنے کی اطلاعات پرڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شہریار عارف اور ایمرجنسی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ریسکیو کی ٹیمیں خداداد ہایئٹس پہنچ گئیں


اسلام اباد کے پولی کلینک اور پمز اسپتال میں الرٹ جاری کردیا گیا۔ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پر وفاقی اسپتالوں میں الرٹ جاری کیا گیا۔

جانی و مالی نقصان

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سڑھیاں اترتے ہوئے دل کا دورہ پڑنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ج ب کہ لوئیردیر می زلزلے کے دوران زخمی خاتون تیمرگرہ اسپتال میں دم توڑگئی۔

سوات کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے خوف سے خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد بے ہوش ہوئے، جنھیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

چارسدہ میں بھی بے ہوش ہونے والی 15 خواتین کواسپتال منتقل کیا گیا۔

صوابی کے گاؤں شیخ جانہ کے مقام پر مکان کی چھت منہدم ہونے سے 5 افراد زخمی ہوگئے۔ ،سوات شانگلہ میں زلزلے سے 40 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کو سیدو ٹیچنک ہسپتال منتقل کردیے گئے ہیں

مردان کے علاقے چمتاربکری بانڈہ میں دیوارگرنے سے ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔
علاوہ ازیں کالام میں زلزلے کے دوران لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے بعد کالام سے بحرین جانے والے روڈ بند ہوگیا
زلزلے کے آفٹرشاک

اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں آفٹر شاک بھی محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹراسکیل پر آفٹرشاک کی شدت 3.7 ریکارڈ کی گئی، آفٹرشاک رات 10 بجکر 43 منٹ پر ریکارڈ ہوئے۔