اسلام آباد(ممتازنیوز)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر فوادچودھری نے کہاہے کہ امپورٹڈ حکمرانوں نے ایک بار پھر سپریم کورٹ کے خلاف اعلان جنگ کر دیا۔وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پراپنے ردعمل کااظہارکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ رانا ثنا اللہ نے سپریم کورٹ کو پیغام دیاہے کہ آئین کے مطابق 90 دن کے اندر الیکشن کروانے کا آپ نے جو حکم دیا ہے اس پر عمل درآمد نہیں ہونے دیں گے۔ فواد چودھری نے کہاکہ مسلّح جتھوں کے بارے میں رانا ثنا اللہ نے قومی اسمبلی میں جو تقریر کی ایسی ہی تقریر رانا ثنا اللہ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے دن 17 جون 2014 کے دن پنجاب اسمبلی میں بھی کی،رانا ثنا اللہ تھانے کے محرر کی طرح مختلف وقوعوں کو ایک جیسے یاد کیے ہوئے الفاظ اور انداز میں بیان کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ امپورٹڈ حکمرانوں نے ایک بار پھر سپریم کورٹ کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے،یہ گروہ پہلے بھی سپریم کورٹ پر حملہ کر چکا ہے، کون فتنہ ہے اور کون دہشت گرد یہ فیصلہ پاکستان کے عوام کریں گے۔ فواد چودھری نے کہاکہ سیاست اور جمہوریت کا نام لینے والی کسی جماعت کو عوام کا سامنا کرنے سے گھبرانا نہیں چاہئے۔









