بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

تعلیمی اداروں میں منشیات کی آن لائن فروخت کا انکشاف

اسلام آباد (ملک نجیب)وفاقی دارلحکومت کے تعلیمی اداروں میں منشیات کی سپلائی کو نہ روکا جا سکا ۔
طلباء میں منشیات فروشی کے لئے منشیات فروشوں نے آن لائن کام کرنا شروع کر دیا ہے ۔
ایف آئی اے اور وفاقی پولیس کی جانب سے منشیات سپلائی کی چین توڑنے کے لئے کوئی طریقہ کار اختیار نہیں کیا گیا ہے ۔ اسلام آباد کی کچی بستیوں اورتھانہ نون سے ملحقہ علاقے سے آئس ، افیون ، ہیروئن اور چرس کی سپلائی کے علاوہ پوش سیکٹرز سے آن لائن سپلائی کا کام جاری ہے ۔
ذرائع کے مطابق طلبا و طالبات میں منشیات کے استعمال کا رجحان نا قابل یقین حد تک بڑھ چکا ہے ۔ ذہنی دباو سے نجات کے لئے طلبا و طالبات منشیات کے استعمال کا سہارا لیتے ہیں جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے منشیات فروشوں نے آن لائن منشیات کی سپلائی کا کاروبار شروع کر دیا ہے ۔
اے این ایف کی جانب سے متعدد کارروائیوں کے دوران ایسے منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا ہے جو یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلبا و طالبات کو منشیات کی سپلائی کا کام کرتے ہیں تاہم آن لائن منشیات کی سپلائی کوروکنے کے لئے ایف آئی اے کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔
مقامی سطح پر اسلام آباد میں موجود چھوٹے منشیات فروشوں کی گرفتاری کے لئے وفاقی پولیس کی جانب سے بھی کوئی موثر اقدامات نہیں کئے گئے ۔
علاوہ ازیں تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لئے ایچ ای سی کی جانب سے ایک پالیسی مرتب کی گئی تھی جس پر تعلیمی اداروں کی جانب سے مکمل عمل درآمد نہ ہونے کے باعث ایک مرتبہ پھر طلباء و طالبات میں منشیات کے استعمال کا رجحان بڑھتا جا رہا ہے ۔