منیلا(مانیٹرنگ ڈیسک) فلپائن کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ نے 25 افراد کی جان لے لی، جبکہ حکام نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق فلپائنی حکام نے بھی شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے۔ بے بے شہر کے پولیس سربراہ لیفٹیننٹ کرنل جومین کولاڈو نے بتایا کہ اتوار اور پیر کو وسطی صوبہ لیٹے کے بے بے شہر کے چار دیہات میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے ہیں۔کرنل جومین نے کہا کہ مٹی کے تودے گرنے سے 22 دیہاتی ہلاک ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ میں کم از کم چھ دیگر افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے اور ان کی تلاش جاری ہے۔
لیفٹیننٹ کرنل جومین کولاڈو نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ایک گاؤں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی اور بدقسمتی سے مقامی رضا کار بھی پانی کے بہاؤ میں بہہ گئے، انہوں نے مزید کہا کہ کم از کم چھ افراد لاپتہ تھے لیکن مزید ہو سکتے ہیں۔حکام نے بتایا کہ گزشتہ تین دن کے دوران ملک کے وسطی اور جنوبی صوبوں کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث تقریباً 200 سیلاب آنے کی اطلاع ملی، جس سے تقریباً 30,000 خاندان بے گھر ہوئے، جن میں سے کچھ کو ہنگامی پناہ گاہوں میں منتقل کیا گیا۔
فلپائن، طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 25 افراد ہلاک
