کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر و پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی نے کہا ہے کہ بھارت بدترین ظلم وتشدد اورطاقت کے وحشیانہ استعمال کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کرسکتا۔امتیاز وانی نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت آئے روز جموں و کشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو طول دینے کیلئے قابض فوجیوں کی تعداد بڑھا رہا ہے جوکہ انتہائی تشویشاک ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت اسرائیلی طرز پر کشمیریوں کی زمینوں پرقبضے کیلئے مقبوضہ علاقے کو عملًا فوجی چھائونی میں تبدیل کررہا ہے اور اب قابض فوجیوں کوجموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں زمینیں بھی الاٹ کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ در اصل بھارت مقبوضہ علاقے میں غیر کشمیریوں کو بڑے پیمانے پر ڈومیسائل کے اجرا کے ذریعے جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب بگاڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ لاکھوں کی تعداد میں بھارتی فوجیوں کی تعیناتی کے باوجود بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کمزورکرنے میں ناکام رہا ہے ۔ امتیاز وانی نے کہا کہ کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی سے کم کوئی چیز قبول نہیں کریں گے کیونکہ کشمیریوں نے اس سلسلے میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ طاقت کے نشے میں دھت بھارتی فوجی کشمیری خواتین ،بچوں بوڑھوں اور بالخصوص نوجوانوں کی نسل کشی میں مصروف ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری نوجوانوں کوجعلی مقابلوں میں شہید کیا جا رہا ہے ۔ امتیاز وانی نے کہا کہ کشمیری عوام کی خوہشات کے مطابق دیرینہ تنازعہ کشمیر کوحل کئے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن وسلامتی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار اداکرے تاکہ کشمیری عوام کو بھارتی مظالم سے نجات مل سکے ۔
عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار اداکرے ،امتیاز وانی








