بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمران خان کُرتا فروخت کےلئے پیش ،قیمت جان کر حیران رہ جائیں گے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تصاویر سے آویزاں کُرتوں کو فیشن ہاؤس ’کرما‘ نے 9 سال بعد دوبارہ فروخت کے لیے پیش کردیا۔’’عمران خان کُرتا‘ کو 2013 میں متعارف کرایا گیا تھاجو عام انتخابات کے دوران انتہائی مقبول ہوا تھا اور پی ٹی آئی کارکنان اسے جلسوں اور ریلیوں میں پہن کر شریک ہوا کرتے تھے۔اس وقت کُرتے کو مختلف رنگوں میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا، جس پر عمران خان کی تصاویر آویزاں تھیں۔اب فیشن ہاؤس ’کرما‘ نے ان ہی کُرتوں کو دوبارہ فروخت کے لیے پیش کردیا اور دعویٰ کیا کہ ان کُرتوں کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔تاہم اس بار فیشن ہاؤس نے کُرتوں کی قیمت بہت ہی زیادہ رکھی ہے، جس وجہ سے سوشل میڈیا پر اسے تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔اگرچہ فیشن ہاؤس نے آفیشل کُرتے کی قیمت کا اعلان نہیں کیا، تاہم سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ایک کُرتے کی قیمت 20 ہزار روپے رکھی گئی ہے جب کہ پاجامے یا پینٹ کی علیحدہ قیمت 10 ہزار روپے رکھی ہے۔یعنی مجموعی طور پر کُرتا اور پینٹ 30 ہزار روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے جب کہ 2013 میں کُرتے کی رقم 4 ہزار روپے تک رکھی گئی تھی۔عمران خان کُرتوں کی قیمت 30 ہزار روپے رکھے جانے پر فیشن ہاؤس پر کئی لوگ تنقید کر رہے ہیں جب کہ فیشن ہاؤس پر سیاسی ہونے کا الزام بھی لگا رہے ہیں۔تاہم تنقید کے باوجود فیشن ہاؤس نے کُرتوں کی اصل رقم پر کوئی وضاحت نہیں کی۔