پاکستانی سینما تاریخ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پنجابی ایکشن فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو عید الفطر کے موقع پر دنیا کے متعدد ممالک میں دوبارہ ریلیز کردیا گیا۔
فلم کو ابتدائی طور پر پاکستان سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں 13 اکتوبر 2022 کو ریلیز کیا گیا تھا اور یہ پہلی فلم بنی تھی جسے ملک کے بجائے بیرون ممالک کی زیادہ سینما اسکرینز پر پیش کیا گیا تھا۔
’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو اکتوبر 2022 میں ابتدائی طور پر امریکا، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جرمنی، ترکی، فرانس، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سعودی عرب اور دیگر ممالک کی 500 اسکرینز پر پیش کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں اسکرینز کی تعداد مزید بڑھائی گئی تھی۔
فواد خان، ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی اور حمائمہ ملک کی کاسٹ پر مبنی پہلے ہی ہفتے ریکارڈ کمائی کرنے والی پہلی پاکستانی فلم بنی تھی اور یہ دنیا بھر میں پنجابی زبان کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بھی بنی تھی۔









