سان فرانسسکو (ویب ڈیسک) گوگل کی پیرنٹ کمپنی الفابیٹ انکارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو سندر پچائی کو 2022 میں تقریباً 226 ملین ڈالر کا کل معاوضہ ملا، جو کہ گوگل کے اوسط ملازم کی تنخواہ سے 800 گنا زیادہ ہے۔
خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن میں جمع کرائی گئی فائلنگ میں بتایا گیا کہ سندر پچائی کے معاوضے میں تقریباً 218 ملین ڈالر کے سٹاک ایوارڈز شامل تھے۔ تنخواہوں میں تفاوت ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گوگل عالمی سطح پر ملازمتوں میں کمی کر رہا ہے، دی ماؤنٹین ویو، کیلیفورنیا میں قائم کمپنی نے جنوری میں دنیا بھر میں 12 ہزار ملازمتیں کم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا جو اس کی عالمی افرادی قوت کے چھ فیصد کے برابر تھا۔
اس ماہ کے اوائل میں گوگل کے سینکڑوں ملازمین نے برطرفی پر تنازعہ کے بعد کمپنی کے لندن دفاتر سے واک آؤٹ بھی کیا تھا۔ مارچ میں گوگل کے ملازمین نے 200 سے زائد کارکنوں کو نوکری سے نکالے جانے کے بعد کمپنی کے زیورخ کے دفاتر سے واک آؤٹ کیا تھا۔









