واٹس ایپ کی جانب سے کافی عرصے سے ایک اکاؤنٹ یا فون نمبر بیک وقت کئی ڈیوائسز میں استعمال کرنے کی سپورٹ فراہم کرنے کے لیے کام کیا جارہا تھا اور اب آخر کار اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے۔
جون 2021 کے آغاز میں پہلی بار واٹس ایپ کی جانب سے اس فیچر پر کام کرنے کی تصدیق کی گئی تھی۔
یعنی لگ بھگ 2 سال سے اس فیچر پر کام کیا جا رہا تھا اور اور ٹیبلیٹس کی حد تک اسے متعارف کرا دیا گیا تھا، مگر اب اسے اسمارٹ فونز میں استعمال کرنا ممکن ہوگا۔
میٹا کی زیر ملکیت کمپنی کی جانب سے ملٹی ڈیوائس فیچر کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اب ایک واٹس ایپ اکاؤنٹ بیک وقت 4 اسمارٹ فونز میں استعمال کرنا ممکن ہوگا۔
کمپنی کے مطابق یہ فیچر آئندہ چند ہفتوں میں تمام صارفین استعمال کر سکیں گے۔
اس ملٹی ڈیوائس فیچر سے جس فون پر بھی واٹس ایپ کو اوپن کیا جائے گا، اس میں مرکزی فون پر موجود ایک سال پرانے میسجز اور فائلز کو دیکھنا ممکن ہوگا۔









