اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) بینکوں نے مکانات کے لیے 180 ارب روپے کے سستے قرضوں کی منظوری دے دی۔اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق قرضوں کے لئے بینکوں نے 180 ارب روپے کی درخواستیں منظور کیں اور 66 ارب روپے کے قرضے تقسیم کیے۔ ایس بی پی کے مطابق 11 اپریل 2022ء تک بینکوں کو مکاناتی قرضوں کی مد میں 409 ارب روپے کی درخواستیں موصول ہوئیں، درخواستوں کا حجم گذشتہ برس محض 57 ارب روپے تھا، یعنی اس میں 7 گنا سے زائد اضافہ ہوا۔ اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ اپریل 2021ء کی نسبت قرضوں کی منظوری 11 گنا سے زائد رہی، جب بینکوں نے صرف 16 ارب روپے کے قرضت منظور کیے تھے۔ اسٹیٹ بینک کا یہ بھی کہنا ہے کہ گذشتہ برس 204 ارب روپے کی نسبت 31 مارچ 2022ء تک بینکوں کے ہاؤسنگ اور تعمیراتی قرضوں کا حجم تقریباً دگنا یعنی 404 ارب روپے تک پہنچ گیا جبکہ ہاؤسنگ اور تعمیرات کے شعبے کے لیے مجموعی قرضوں کے حوالے سے بھی بینکوں کا رجحان اسی طرح کا رہا۔ ایس بی پی کے مطابق بینکو ں نے ہاؤسنگ اور تعمیراتی قرضے بڑھانے کے حوالے سے 2022ء کی پہلی سہ ماہی کا 405 ارب روپے کا ہدف سو فیصد حاصل کرلیا۔ اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ بینکوں پر یہ لازم کیا گیا تھا کہ وہ آخر 2021ء تک ملک بھر میں نجی شعبے کو فراہم کیے جانے والے مجموعی قرضوں کا 5 فیصد ہاؤسنگ اور تعمیراتی قرضوں کے لیے مختص کریں۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا مزید کہنا ہے کہ دسمبر 2021ء تک ہاؤسنگ اور تعمیرات کے شعبے کے لیے قرضوں کا حجم بڑھ کر 367 ارب روپے تک پہنچ گیا، جو 30 جون 2020ء کو 148 ارب روپے تھا۔
مکانات کے لئے180 ارب روپے کے سستے قرضوں کی منظوری
