بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسلام آباد میں ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے سی ڈی اے کے خصوصی اقدامات

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)کی انتظامیہ اسلام آباد شہر میں ٹریفک کے بہائو کو کنٹرول کرنے کے لئے خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے۔
اس سلسلے میں اسلام آباد ایکسپریس وے پر ٹریفک کی روانی کو برقراررکھنے بالخصوص رش کے اوقات میں ٹریفک کی روانی برقراررکھنے کے لئے اسلام آباد پولیس کی معاونت سے جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم متعارف کروایا جارہا ہے تاکہ شہریوں کو ٹریفک جام جیسے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کورال چوک تا زیرہ پوائنٹ پر صبح کے اوقات میں ٹریفک کا دبائو زیادہ ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کے مقابلے میں زیرہ پوائنٹ تا کورال چوک تک صبح کے اوقات میں ٹریفک نسبتاً کم ہوتی ہے لہذا سی ڈی اے انتظامیہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی معاونت سے زیرہ پوائنٹ تا کورال چوک جو کہ پانچ رویہ سڑک ہے کی مزید دو لائنز کو کورال چوک تا زیرہ پوائنٹ تک ڈائیورٹ کررہی ہے تاکہ ٹریفک کے بلاتعطل بہائو کو برقرار رکھا جا سکے۔ فی الحال اسکو تجرباتی بنیادوں پر کیا جارہا ہے اور اس کانسپٹ کو ریسورس ایبل لینز کہا جاتا ہے جس کو دنیا کے مختلف ممالک بھی استعمال کررہے ہیں تاکہ شہریوں کو قیمتی وقت کے ضیاع سے بچایا جاسکے۔
چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں متعلقہ شعبوں کی جانب سے اس اقدام سے متعلق باقاعدہ آگاہی مہم کا آغاز بھی کردیا جائے گا ۔ انہوں نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور جلد از جلد اس کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔