بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی کا پرتشدد احتجاج بیرونی سازش کا حصہ ہے،خورشید شاہ

اسلام آباد(صغیر چودھری)وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی تشدد اور افراتفری کی سیاست بیرونی سازش کا حصہ ہے اور عمران خان کے پھیلائے ہوئے عدم استحکام کی وجہ سے نہ صرف ملکی معیشت برباد ہو چکی ہے بلکہ ہماری سیاست اور سالمیت بھی خطرے میں ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان کی تحریک انصاف، انصاف کے نام پر دھبہ ہے اور انصاف کیلئے اس جماعت کے دہرے معیار نے ہی اس ملک کی جڑیں کھوکھلی کی ہیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان نے عوام اور سیکورٹی اداروں کو آمنے سامنے لاکر ملک کے خلاف گھناؤنی سازش کی ہے مگر خدا کا شکر ہے کہ سیکورٹی اداروں کی برداشت اور تحمل کی پالیسی نے ملک کو بربادی سے بچا لیا۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ عمران خان کے دور میں اداروں کے سربراہوں کو بلا بلا کر سیاسی مخالفین کی گرفتاری کے آرڈر دئے جاتے تھے اور پھر دو دو سال تک اُن کو جیلوں میں رکھنے کا بندوبست بھی کیا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب وہی عمران خان قانون کے مطابق اپنی گرفتاری پر پورے ملک میں جلاؤ گھیراو کروا رہا ہے،یہ واحد شخص ہے کہ جسے ایک دن میں دس دس کیسوں میں ضمانتیں مل جاتی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہر دور میں اور جگہ تشدد اور لاقانوننیت کو ہوا دی اور ملک کے تعمیر و ترقی کے ہر پروگرام کو سبوتاژ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اس کے لیڈروں نے پلاننگ کے تحت ملک و قوم کو معاشی دلدل میں دھکیلا اور اپنے دور اقتدار میں ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے اپوزیشن کے تعاون کی ہر پیشکش کو ٹھکرایا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کا ایجنڈا انتشار اور افراتفری ہے اور ۲۰۱۴ سے تشدد اور افراتفری کا یہ سلسلہ تسلسل سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں ڈائیلاگ ہوتا ہے اور ڈائیلاگ کا راستہ ہی ریاست کیلئے بہترین ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریاست کیلئے مشکل فیصلے کررہے ہیں کیوں کہ ہمارے نزدیک ریاست حکومت سے زیادہ مقدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتاری تو معمولی بات ہے ہمارے لیڈروں نے تو اس ملک کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دی مگر وطن کی سالمیت پر آنچ نہیں آنے دی۔ انہوں نے کیا کہ معاشی ترقی کیلئے امن عامہ ناگزیر ہے اور ہم نے دنیا کو بھی دکھانا ہے کہ ہم پر امن لوگ ہیں اور ہم مہذب دنیا کے ساتھ شانہ نشانہ چلنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔