اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہےکہ آرمی ایکٹ کے تحت مقدمے چلانے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا مگر آرمی ایکٹ بھی پاکستان کا ہی قانون ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے عمران خان سے سوال کیا کہ کیا یاسمین راشد ایجنسیوں کی کارندہ ہیں جو کور کمانڈر کے گھر پر حملے کے لیے اکسا رہی تھی، کیا عمران خان کا سگا بھانجا ایجنسیوں کا ایجنٹ ہے جو ڈنڈے پر فوجی وردی لہرا رہا تھا؟
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پھر ریاست کے لیے دھمکی آمیز زبان استعمال کی، عمران خان کو 10سال قید میں ڈالنے کا منصوبہ نہیں ان کے لیے 10 دن کی قید بھی بہت ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جب فوجی تنصیبات، جی ایچ کیو، کور کمانڈر ہاوس اور شہدا اور غازیوں کی یادگاروں پر حملے کیے جائیں گے تو کیا آپ پر آوارہ گردی کا یا ٹریفک کی خلاف ورزی کا پرچہ کاٹیں؟ آرمی ایکٹ کے تحت مقدمے چلانے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا مگر آرمی ایکٹ بھی پاکستان کا ہی قانون ہے۔









