اسلام آباد(ممتازنیوز)وفاقی وزیرداخلہ راناثنااللہ نے کہاہے کہ فوجی تنصیبات پر حملے کرنے والوں کو اب نتائج بھگتنے پڑیں گے،قومی سلامی کمیٹی کے اجلاس میں طے ہواکسی مجرم کو نہیں چھوڑاجائے گا ۔نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہاکہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بتایاگیاکہ فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث کتنے افراد کی شناخت ہوگئی اور کتنے گرفتار ہوچکے ہیں،جناح ہاوس میں داخل ہونے والے افراد کی شناخت ہوگئی ہے،43 لوگ وہ ہیں جو لاہور کے واقعات میں بھی ملوث تھے،ہر شہر کے لوگوں کو اس کے لئے تیارکیاگیااور ٹاسک دیاگیا، پچاس سے سوافراد کاتربیت یافتہ گروہ تھا،مختلف علاقوں میں کارروائیوں سے پہلے خواتین کاگروہ حالات دیکھنے جاتاتھا ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے نومئی کے لئے لوگوں کی پورا سال تربیت کی اور فتنہ وفساد کے لئے تیارکیا، ثابت کریں گے کہ فتنہ اور فساد باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیاگیاشواہدسامنے آچکے ہیں کہ حملہ آوروں نے زمان پارک میں تربیت لی ۔انہوںنے کہاکہ ایک خاص عنصر جوان واقعات میں پایاگیا وہ افغانیوں کا ہے ،میانوالی سمیت مختلف شہروں میں فوجی تنصیبات پرحملوں میں افغانی ملوث تھے۔انہوںنے کہاکہ تنصیبات پر آگ لگانے والے افراد ٹریس ہوچکے ہیں،قومی سلامتی کمیٹی میں طے ہوا کہ کسی مجرم کو نہیں چھوڑاجائے گاتاہم کسی کو شک پر نہیں پکڑاجائے گا، سارے بلوائیوں کی فوٹیج موجود ہے شناخت بھی ہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں ہے، پی ٹی آئی رہنماوں کی فون پر بات چیت بھی موجود ہے،تنصیبات پر حملے کرنے والوں کو اب نتائج بھگتنے پڑیں گے۔
فوجی تنصیبات پر حملے کرنے والوں کو نتائج بھگتنے پڑیں گے، راناثنااللہ








