لاہور (ما نیٹرنگ ڈیسک) وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے اعلان کیا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والے شرپسندوں کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں ہو گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق عامر میر نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اب تک 3400 شرپسندوں کو گرفتار کیا گیا ہے، 254 مقدمات درج کر لئے گئے،78 کا فزیکل ریمانڈ لیا گیا ہے،81 شر پسندوں کا شناخت پریڈ کیلئے ریمانڈ لیا گیا۔ پہلے پولیس کو فائرنگ کی اجازت نہیں تھی۔ ہم نہیں چاہتے تھے لاشیں گریں، اب پنجاب پولیس کو فری ہینڈ دیدیا ہے، اب شرپسندوں کی فائرنگ کے جواب میں پولیس اسلحہ استعمال کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ جیو فینسنگ کے ذریعے تصدیق ہوئی ہے کہ دہشت گرد زمان پارک میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے کورکمانڈر ہاؤس (جناح ہاؤس ) پر حملہ کیا۔ تفتیشی اداروں کے پاس مکمل شواہد موجود ہیں۔ حکومت نے حملہ آوروں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹھوس شواہد پر گرفتاریاں کر رہے ہیں۔ نادرا کو تصاویر بھیجی گئیں، معلومات ملنے پر حراست میں لیا گیا۔ آخری شرپسند کی گرفتاری تک شناخت کا عمل جاری رہے گا۔









