لاہور(ممتازنیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ء اورسابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہاکہ جب ہمارے جوان بارڈ پر انڈیا کی فوج کے ہاتھوں شہید ہو رہے تھے تو نواز شریف، مودی اور جندال کو بغیر ویزہ کے گھر بلا کر کھانے کھلا رہے تھے،کیا ہم ڈان لیکس کو بھول جائیں،عوام اور فوج کو لڑانے کا ایجنڈا نوازشریف اور مودی کا ہےپنجاب کی نالائق حکومت نے اتنا شور مچایا ہوا تھا کہ زمان پارک میں دہشت گرد موجود ہیں،ہفتہ کواپنے بیان میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ انٹرنیشنل میڈیا کی موجودگی میں یہ جعلی کاروائی ڈالنے میں ناکام رہے،عمران خان نے اپنے دور میں پاک فوج اور دفاع پاکستان کو مزید مضبوط کیا، عمران خان نے مغربی دنیا میں پاک فوج کے بارے میں غلط فہمیاں دور کرنے کی کوشش کی، کٹھ پتلی حکومت پنجاب میں حالات پھر خراب کرنا چاہتی ہے، محسن نقوی اور ان کا ٹولہ ملک دشمن ایجنڈے پر ہیں۔
انہوں نے کہاکہ لاہور ہائی کورٹ کا پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کی رکنیت کی بحالی کا فیصلہ خوش آئند ہے،بحالی کا یہ عمل آگے بڑھے تو وفاق اور صوبوں میں سیاسی بحران کا پرامن حل نکل سکتا ہے،پنجاب اور خیبر پختون خوا میں نگران حکومتیں آئینی طور پر ختم ہو چکی ہیں، پنجاب اور خیبر پختون خوا میں غیر قانونی نگران حکومتوں کے خاتمہ کیلئے عدلیہ سے رجوع کریں گے، پارٹی چھوڑنے والے سیاسی خانہ بدوشوں کی کوئی اہمیت نہیں،پارٹی پہلے ہی ان کو مسترد کر چکی ہے۔
پرویز الٰہی نے کہاکہ تحریک انصاف کو اندر اور باہر سے توڑنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو گی،تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں متحدہے اور متحدرہے گی، تحریک انصاف اورسیز پاکستانیوں میں مقبول ترین نمایندہ پارٹی ہے، عمران خان صرف پاکستان کے نہیں، عالم اسلام کے بھی مقبول ترین لیڈر ہیں، عرب ذرائع ابلاغ اپنے جائزوں میں عمران خان کو اہل عرب کا پسندیدہ ترین لیڈر قرار دے چکے ہیں، عمران خان نے مغربی دنیا میں اسلام اور پاکستان کی سربلندی کیلئے سب سے زیادہ کام کیا،عمران خان نے ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کیلئے اقوام متحدہ میں آواز بلند کی، تحریک انصاف پر پابندی کا مطالبہ کرنے والے اسلام اور پاکستان کے ساتھ مخلص نہیں۔
تحریک انصاف پر پابندی کا مطالبہ کرنے والے اسلام اور پاکستان کے ساتھ مخلص نہیں،چوہدری پرویز الٰہی








