بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاک فوج نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کی محافظ فورس ،ملک بھر کے نجی تعلیمی اداروں کا پاک فوج سے اظہار یکجہتی کا اعلان

راولپنڈی (ممتازنیوز)ملک بھر کے نجی تعلیمی اداروں کی نمائندوں تنظیم نے پاک فوج کے ساتھ اظہاریکجہتی کرتے ہوئے ملک گیر پروگرام منعقد کرانے کا اعلان کردیاہے اور کہاہے کہ پاک فوج نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کی محافظ فورس ہے جس کا احترام بحرحال پوری قوم پر فرض ہے۔ پاک فوج ملک وقوم کے تحفظ اور بقا کی ضامن ہے اور پوری قوم اپنے جوانوں کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو باڈی کے اجلاس کے بعدمرکزی صدر ملک ابرارحسین نے میڈیا کو جاری کردہ بیان میں کیا۔اجلاس میں وفاقی تعلیمی بورڈ کے ممبر BOGو ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل محمد اشرف ہراج،مرکزی نائب صدر ملک دین محمد اعوان،صوبہ پنجاب کے صدر الیاس کیانی،راولپنڈی ڈویژن کے صدر عرفان مظفرکیانی،ڈویژنل جنرل سیکرٹری محمد ابراہیم،ضلعی صدر راولپنڈی ملک حفیظ الرحمن،فنانس سیکریٹری قاسم عباس،جنرل سیکرٹری راولپنڈی چودھری افتخار،سید رفاقت علی شاہ،عابد گیلانی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر جاری کردہ اعلامیہ میں پاک فوج کے ساتھ مکمل اظہاریکجہتی کرتے ہوئے بعض شرپسندوں کی جانب سے جاری غلیظ پروپیگنڈہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔اپنے بیان میں ملک ابرار حسین کا کہنا تھاکہ پاک فوج کی قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں،قیام پاکستان سے لے کر اب تک ازلی دشمن بھارت کے ساتھ جنگ ہو یا سیلاب یا زلزلہ جیسی قدرتی آفات ہوں،لوگوں کی فلاح کے کام ہوں،مردم شماری ہویا امن و امان کی صورتحال ہو آپریشن ردلفساد ہو،ضرب عضب ہو یا سرحدوں کا تحفظ ہو پاک فوج کے جوان ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں۔ سیاچن کی برف پوش پہاڑیاں ہوں یا بحریہ عرب کی گہرایاں ہوں پاک فوج نے ہمیشہ اس وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیاہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ ملک بھر کے نجی شعبہ تعلیم کی جانب سے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پروگرام ترتیب دیے جارہے ہیں جس میں طلبا،اساتذہ، والدین اور سکولوں کے مالکان بھرپور شرکت کرے حب الوطنی کا اظہار کریں گے۔