اسلام آباد (ما نیٹرنگ ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہےکہ تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا جائزہ لیا جا رہا ہے، اگر پابندی کا فیصلہ ہوا تو پارلیمنٹ سے رجوع کریں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر دفاع اور (ن)لیگی رہنما خواجہ آصف کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان محسن کش آدمی ہے، عسکری تنصیبات پر حملہ عمران خان کا آخری حربہ تھا۔ 9 مئی کے واقعات اچانک نہیں، منصوبہ بندی سے ہوئے۔ ریاست کی اساس پر حملہ کیا گیا، عمران خان کے گھناونے عزائم تھے جو کسی بھارتی کے ہو سکتے ہیں کسی پاکستانی کے نہیں۔ 9 مئی کے واقعات میں دہشت گردوں کے گھناؤنے مقاصد تھے،ان واقعات جیسی ملکی تاریخ میں کوئی مثال نہیں۔ تحریک انصاف پر پابندی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کون سا جرم ہے جو 9 مئی کو نہیں ہوا، تحریک انصاف نے ریاست کو چیلنج کیا۔عمران خان نے اقتدار کی جنگ میں پاک فوج کو فریق بنا لیا، عمران خان کے اقدامات سے بھارت کو خوشی ہوئی مگر ہم عمران خان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان اب کہہ چکے ہیں کہ انہیں دوبارہ گرفتار کیا گیا تو دوبارہ ری ایکشن آئے گا، کہتے ہیں انہیں 9 مئی کے واقعات کا علم نہیں تھا۔ عمران خان اتنا معصوم بننے کی کوشش نہ کریں۔ انہوں نے ایک جوا کھیلا جو اب ہار چکے ہیں، اب حیلے بہانے سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں۔ ہم پر موجودہ ملکی حالات سے متعلق کوئی بیرونی دباؤ نہیں۔









