بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمران خان نے شاہ محمود قریشی کی جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ گرفتاری پر رد عمل جاری کر دیا

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے شاہ محمود قریشی کو عدالت سے رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کرنے پر ردعمل جاری کر دیاہے ۔

تفصیلات کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی اور دیگر کارکنوں کو رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کیا گیا ہے، ملک میں جنگل کا قانون رائج ہے،صرف عدلیہ سے انصاف کی امید ہے، سپریم کورٹ کے فیصلوں کے ساتھ آئین کی بھی خلاف ورزی جارہی ہے،تحریک انصاف کیخلاف پولیس کو استعمال کیا جا رہا ہے، تحریک انصاف کے رہنما پارٹی چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں، میں آخری سانس تک مزاحمت کروں گا۔

یاد رہے کہ عدالتی حکم پر پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی اور مسرت جمشید چیمہ کو اڈیالہ جیل سے رہا کیا گیا لیکن جیل سے باہر آتے ہی پنجاب پولیس نے دونوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا۔ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ پارٹی چھوڑ کر نہیں جارہا پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں اور ساتھ ہی رہوں گا۔

واضح رہے کہ تھری ایم پی اوکے تحت گرفتار ہونے والے شاہ محمود قریشی کو 18 مئی کو عدالت نے فوری رہا کرنے کا حکم دیا تھا، اور ان کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کالعدم قراردی تھی، اور جسٹس میاں گل حسن نےرہائی بیان حلفی سے مشروط کی تھی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی پیروی میں شاہ محمود قریشی کے وکلاءنے عدالت میں بیان حلفی جمع کرادیا تھا، جس کے بعد انھیں اڈیالہ جیل سے کچھ دیر کیلئے رہائی ملی۔