بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

معاشی ترقی سیاسی استحکام سے جڑی ہے، ملک مشکل دور سے نکل رہا ہے،گورنر خیبر پختونخوا 

اسلام آباد:گورنر خیبر پختونخواہ حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ معاشی ترقی سیاسی استحکام سے جڑی ہے،ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے کیلئے حکومت سنجیدگی سے کام کر رہی ہے،گزشتہ سالوں میں سیاسی عدم استحکام نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا،بزنس کمیونٹی کے بغیر کوئی معاشی پالیسی کامیاب نہیں ہو سکتی،پاکستان ہم سب کیلئے ریڈ لائن ہے،کوئی بھی ملک سے اوپر نہیں،9مئی کو پیش آنے والے واقعات نفرت،تشدد او ر بدتمیزی کے سوا کچھ نہیں،9مئی قومی سانحہ ہے،صرف مذمت کافی نہیں، نفرت،تشدد اور جلاؤ گھیراؤ جیسے نظریات سے لاتعلقی کا اعلان کرنا ہوگا،پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں منعقدہ اپنے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب سے چیئر مین فاؤنڈر گروپ،خالد اقبال ملک،سابق چیئر مین خالد جاوید، سنیٹر جنرل (ر)عبد القیوم،ویمن چیمبر اسلام آباد کی گروپ لیڈر ثمینہ فاضل،صدر انجمن تاجران اجمل بلوچ و دیگر نے 9مئی کے پر تشدد واقعات کو ملک دشمنی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف کوئی رعایت نہ کی جائے۔تقریب میں صوبائی وزیر خیبر پختونخواہ منظور آفریدی،سنیٹر ہدایت اللہ، سمیت اسلام آبا د کی بزنس کمیونٹی اورمختلف سیکٹرز کی تاجر تنظیموں کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر کے پی کے نے کہا کہ ہم سب کو معلوم ہے پاکستان کے معاشی حالات ٹھیک نہیں مگر اب یہ معاملہ زیادہ دیر چلے گا نہیں،چیزیں استحکام کی طرف جا رہی ہیں،گزشتہ چند سالوں میں جو کچھ اس ملک کے ساتھ کیا گیا اب وہ سب ختم ہو رہا ہے،انہوں نے کہا کہ میں حکومتی ایوانوں میں بزنس کمیونٹی کا نمائندہ ہوں،تمام مسائل کے حل کیلئے بھرپور آواز اٹھا رہا ہوں،انہوں نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر کو میں اپنا گھر سمجھتا ہوں،وفاقی دار الحکومت کا چیمبر ہونے کے ناطے آئی سی سی آئی کا بزنس کمیونٹی میں منفرد مقام ہے،انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں انڈسٹریل سٹیٹ کا قیام ایک درینہ مطالبہ ہے،چیمبر جگہ کا انتخاب کرے میں حکومت سے منظوری دلانے میں بھرپور تعاون کروں گا،انہوں نے کہا کہ سینٹ کی قائمہ کمیٹیوں میں بزنس کمیونٹی کی نمائندگی کیلئے چیئر مین سینٹ سے بات کی ہے،ہماری کوشش ہے کہ ہر چیمبر سے ایک بندہ کمیٹی کا حصہ ہو،تا کہ تاجر اور حکومت ایک چھت کے نیچے بیٹھ کر مسائل پر بات کر سکیں،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر اسلام آباد چیمبر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ گورنر کے پی کے نے شرافت کی سیاست کے ذریعے اپنا نام بنایا ہے،بزنس کمیونٹی کے مسائل ہر سطح پر ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ معاشی بحران سے نکالنے کیلئے بزنس کمیونٹی کا تعاون ناگزیر ہے،حکومت ہماری تجاویزکو بجٹ کا حصہ بنائے،انہوں نے کہا کہ گورنر کے پی کے کو ملک میں سیاسی استحکام کیلئے کوششیں کرنی چاہئیں،پاکستان کی ترقی اور سیاسی استحکام لازم و ملزوم ہیں،انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کو ایک جگہ بیٹھنے اور ترقی کیلئے طویل المدتی پالیسی بنانے کی ضرورت ہے،صدر اسلام آباد چیمبر نے کہا کہ 9مئی کو پیش آنے والے واقعات انتہائی تکلیف دہ ہیں،پورے اسلام آباد کی بزنس کمیونٹی پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،اسلام آباد چیمبر اس سلسلے میں آج (جمعرات) شہدائے پاکستان اظہار یکجہتی کیلئے تقریب کا انعقاد کرے گا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب صدر اسلام آباد چیمبر فاد وحید نے کہا کہ حکومت کو بزنس کمیونٹی کو واضح روڈ میپ دینے کی ضرورت ہے،ہمیں پتا ہونا چاہیے کہ آئندہ 10سال کی معاشی پالیسی کیا ہوگی۔