اسلام آباد/لاہور(ممتازنیوز) سابق صوبائی مشیر فردوس عاشق اعوان اور سابق صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ایجنڈا ملک کیلئے زہر قاتل بن گیا ہے، عمران خان پہلے دشمنوں کیلئے نہیں دوستوں کیلئے دشمن بنتے ہیں، عمران خان اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دہشت گردکارروائیوں کی وجہ سےپی ٹی آئی کاحصہ نہیں رہناچاہتی،22 سال سے سیاسی سفرمیں ایساماحول اور منظرنہیں دیکھا۔ ملوث افرادکو عبرتناک سزا دی جائے۔ واقعات کی آزادانہ انکوائری کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے زمان پارک سے منصوبہ بندی کی گئی، بیرونی ایجںڈےپرسازش تیارکی گئی، سازش کا مقصداداروں کی تضحیک،غیرملکی آقاؤں کوخوش کرناتھا، منصوبہ بندی کے تحت شہدا کی یادگاروں پر حملہ کیاگیا۔ اپنے چشم وچراغ قوم کودینے والوں کوسلام پیش کرتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مٹھی بھرشرپسندوں نےعمران کی سوچ کویرغمال بنایاہواتھا، میں نے پی ٹی آئی کونہیں ان کے منشور کو جوائن کیاتھا۔ سیاسی سفرجارہے گا،سیاست کامحور حلقے کےعوام ہیں۔
دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے قریبی دوست مراد راس بھی پارٹی کو خیر باد کہہ گئے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر نے کہا کہ ہم 9 مئی کی تحریک پر مبنی سیاست سے اتفاق نہی کرتے۔ انہوں نے کبھی بھی ایسا دن نہیں سوچا تھا کہ وہ عمران سے علیحدگی اختیار کر لیں گے۔
مراد راس نے کہا کہ کوئی بھی نہیں چاہتا کہ اداروں سے لڑائی ہو، اختلاف اور اختلاف رائے ہوتا ہے لیکن اس کو بیٹھ کر حل کیا جا سکتا ہے۔ ہم سب کو یہی رہنا ہے اور مذاکرات کے لیے افغانستان، چین یا امریکا سے بندے لے کر نہیں آنا ہے بلکہ ملک میں موجود لوگوں سے مذاکرات کرنا ہے۔ ملک کے حالات لڑائی سے بہتر نہیں ہوسکتے ہیں اور یہ ہم نے دیکھا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا اور آبدیدہ بھی ہو گئے۔
مراد راس نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات پر پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں، 9 مئی کی طرح کی پی ٹی آئی کی احتجاج کی سیاست سے اتفاق نہیں کرتے اور آج ہم عمران خان اور پی ٹی آئی سے اپنے راستے جدا کر رہے ہیں، اس کا دن کا کبھی سوچا نہیں تھا، یہ دن کتنا مشکل ہے سوچا نہیں جا سکتا۔
عمران کا ایجنڈا ملک کیلئے زہرقاتل : فردوس عاشق اور مراد راس کا بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان








